آرمی چیف کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ، پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف

بحری دفاع اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے ناگزیر،ملکی دفاع میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے، آرمی چیف ضرب عضب کی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی مرہون منت ہیں ، ایڈ مرل ذکاء اللہ

اتوار 27 نومبر 2016 12:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2016ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بحری دفاع اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، سمندری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں نیول ہیڈ کوارٹرزکا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے ان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی، آرمی چیف نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ سے الوداعی ملاقات بھی کی ، اس دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھرپور تعاون پرنیول چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سمندری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے ا ور بحری دفاع اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے جبکہ نیول چیف نے آرمی چیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ضرب عضب کی کامیابیوں نے ملکی سلامتی اور ترقی پر گہرے اثرات چھوڑے، ضرب عضب کی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی مرہون منت ہیں، مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں ہیں۔