تحریک انصاف کا بھارتی جارحیت کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے کیلئے بان کی مون کو خط لکھنے کا فیصلہ

حکومت کے پاس کھوکھلے بیانات کے علاوہ بھارت سے نمٹنے کا کوئی دوسرا وسیلہ نہیں ،بھارتی شرانگیزیوں پر حکومتی بے عملی گوارا نہیں کر سکتے،عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اجلاس

اتوار 27 نومبر 2016 12:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف نے کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگرکرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔مرکزی میڈیاسے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بان کی مون کے نام خط کے ذریعے بھارتی جارحیت اور عزائم کو بے نقاب کیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا ۔پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ حکومت کے پاس کھوکھلے بیانات کے علاوہ بھارت سے نمٹنے کا کوئی دوسرا وسیلہ نہیں ،بھارتی شرانگیزیوں پر حکومتی بے عملی گوارا نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم کی کمزور اخلاقی ساکھ ملکی سلامتی اور ریاستی مفادات کیلئے تباہ کن ثابت ہو رہی ہے۔تحریک انصاف قومی مفادات کو حکومتی نااہلی کی بھینٹ نہیں چڑھنے دے گی۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کریں گے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔