مقبوضہ کشمیر میں فوجی کیمپ پرحملے میں 7 بھارتی فوجی ہلاک

حملہ آوروں نے آرٹلری یونٹ کو نشانہ بنایا تاہم سخت سیکیورٹی کے باوجود حملہ ہونے کی تحقیقات کی جائے گی، وزیردفاع

بدھ 30 نومبر 2016 11:32

سری نگر( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2016ء ) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملوں کے نتیجے میں 2 فوجی افسران سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے ناگروٹا میں علی الصبح بھارتی فوجی کیمپ میں 3 حملہ آور داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوگئے تاہم بھارتی فوج نے جوابی کارروائی میں 3 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر کا کہنا ہے کہ حملہ آور صبح ساڑھے 5 بجے ملٹری بیس کے اندر داخل ہوئے اور انہوں نے آرٹلری یونٹ میں دستی بم پھینکے تاہم سخت سیکیورٹی کے باوجود حملہ آوروں کی آرٹلری یونٹ تک رسائی کی تحقیقات کی جائے گی جب کہ حملے سے تاثر ملتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف عام شہریوں کے بجائے صرف فوجی اہلکار تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق دوسرا حملہ سامبھا سیکٹر میں ہوا جہاں مسلح افراد نے بی ایس ایف کے قافلے پر حملہ کیا جس میں دو حملہ آور مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی فوجی بھی زخمی ہوئے۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مطابق ناگروٹا میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی مارے گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس کا الزام پاکستان پر لگادیا تھا۔

متعلقہ عنوان :