ارض مقدس آنے والے کسی بھی معتمر سے فیس نہیں لی جائے گی، سعودی وزارت حج وعمرہ

سال رواں یا آئندہ دوسری مرتبہ آنیوالوں سے 2ہزار ریال فیس وصول کی جائیگی، سال رواں کا عمرہ پہلا شمار ہوگا، ”وے ٹو عمرہ “ ویب سائٹ پر فیس کا خانہ ختم ہوگیا پاکستانی، ہندوستانی، کویتی اور مصری عمرہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ فیس کے حوالے سے نئے ضوابط مقرر کئے ہیں، نئی ہدایت سے متعلق سرکاری اعلامیہ کا انتظار

پیر 5 دسمبر 2016 10:09

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء)ارض مقدس آنے والے کسی بھی معتمر سے عمرہ فیس نہیں لی جائے گی البتہ سال رواں کے دوران یا آئندہ برسوں میں دوسری مرتبہ آنے پر معتمر کو 2000ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔پاکستانی ، ہندوستانی ، کویتی اور مصری عمرہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے عمرہ فیس کے حوالے سے نئے ضوابط مقرر کئے ہیں جن کے مطابق عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی کہ گزشتہ 3برسوں کے دوران عمرہ ویزے پر آنے والا معتمر اگر سال رواں میں بھی ارض مقدس آنا چاہے تو اس سے عمرہ فیس نہیں لی جائے گی۔

واضح رہے کہ غیر اعلانیہ طور پر پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش ، مصر اور دیگر ممالک میں گزشتہ3برسوں 2015،2014اور2013ء کے دوران عمرہ ویزے پر آنے والے معتمر کا یہ پہلا عمرہ شمار کیا جاتا تھا، یہی معتمر اگر سال رواں میں عمرہ پر آنے کا خواہش مند ہو تو اس سے عمرہ فیس 2000ریال وصول کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستانی و مقامی عمرہ کمپنیوں اور ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ انہیں عمرہ شعبہ کے حکام سے ہدایت ملی ہے کہ گزشتہ برسوں میں عمرہ ویزے کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔

سال رواں کے دوران آنے والے معتمر کا پہلا عمرہ شمار کیا جائے گا ۔ یہی معتمر سال رواں یا آئندہ برسوں میں آنے کا خواہشمند ہو تو اس کا وہ عمرہ دوسرا شمار کیا جائے گا اور اس سے 2000ریال عمرہ فیس وصول کی جائے گی۔ الوسام عمرہ کمپنی کے حافظ مجتبیٰ اعوان نے بتایا کہ انہیں ہدایت ملی ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران عمرہ ویزہ جاری کرنے کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔

سال رواں کے دوران معتمرین کا پہلا عمرہ شمار کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ عمرہ کمپنیاں ویب سائٹ ”وے ٹو عمرہ“ کے ذریعہ عمرہ پر جانے والے کا پاسپورٹ نمبر فیڈ کرکے معلوم کرتی تھی کہ اس پر فیس لاگو ہوتی ہے یا نہیں ۔ ویب سائٹ میں گزشتہ 3سال کے دوران عمرہ پر آنے والوں کا ریکارڈ ہوتا ہے۔ نئی ہدایت ملنے کے بعد اب مذکورہ ویب سائٹ پر کسی بھی معتمر کا پاسپورٹ نمبر فیڈ کیا جائے تو فیس لاگو نہیں ہوتی ۔

انہوں نے بتایا کہ فیس کی وجہ سے پاکستان سے عمرہ ویزے پر آنے والوں کی تعداد انتہائی کم ہوگئی تھی مگر اس ہدایت کے بعد اب کاروبار میں تیزی آئے گی۔ ایک اور پاکستانی عمرہ کمپنی کے سربراہ میجر عبد الواحد غوری نے بتایا کہ انہیں سعودی عمرہ کمپنیوں سے ہدایت ملی ہے کہ عمرہ فیس منسوخ ہوگئی ہے البتہ سال رواں کے دوران دوسری مرتبہ عمرہ پر جانے والے کو 2000ریال فیس ادا کرنا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے گزشتہ 3برسوں کے دوران عمرہ پر جانے والا معتمر اگر سال رواں میں بھی عمرہ کا خواہشمند ہو تو اس سے فیس لی جاتی تھی تاہم نئی ہدایت کے بعد کسی بھی معتمر سے فیس نہیں لی جارہی۔ دوسری طرف مصری وزارت سیاحت میں حج وعمرہ کمیٹی کے رکن احمد ابراہیم نے مصری اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج کی طرف سے انہیں ہدایت ملی ہے کہ عمرہ فیس سال رواں سے لاگو نہیں ہوگی۔

سال رواں کے دوران کیا جانے والا عمرہ پہلا شمار ہوگا جبکہ آئندہ برسوں میں دوبارہ عمرہ کے خواہشمند کو عمرہ فیس اداکرنا ہوگی۔یاد رہے کہ عمرہ فیس کے نئے ضوابط کے متعلق وزارت حج نے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا۔ اس سے قبل 3برس کے دوران کئے جانے والے عمرے کو پہلا شمار کیا جانابھی غیر اعلانیہ تھا اور اب نئی ہدایت کے متعلق بھی وزارت حج کی طرف سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں ہوا۔

آخری اطلاعات تک سعودی عرب نے نہ تو اس خبر کی تردید کی نہ تصدیق۔ دریں اثناء پاکستان کے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے عمرہ ویزہ فیس کی واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اقدام سے دیار مقدس کی زیارت کرنے کے خواہش مند افراد کی دلی آرزو پوری ہوئی ہے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمرہ ویزہ پر سعودی حکومت کی جانب سے 2 ہزار ریال فیس لاگو کرنے سے دیار مقدس جانے کے خواہشمند ایسے افراد جو متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ان پر اضافی بوجھ بڑھ گیا تھا

متعلقہ عنوان :