نواز لیگ دہشتگردوں کے ساتھ این آر او کے تحت انتخابات جیتتی آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

حالیہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی ان کے درمیان نیا گٹھ جوڑ سامنے آ چکا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

منگل 6 دسمبر 2016 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز لیگ دہشتگردوں کے ساتھ ایک این آر او کے تحت انتخابات جیتتی آ رہی ہے، حالیہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی ان کے درمیان نیا گٹھ جوڑ سامنے آ چکا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں جاری ہفت روزہ تقریبات میں گلگت بلتستان کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ اور ان کا وزیر داخلہ نیشنل ایکشن پلان کو دہشتگردوں کیخلاف استعمال کرنے کی بجائے اس کو سیاسی انتقام اور سیاسی ٹارگٹ میں استعمال کر رہا ہے، چودھری نثار تو حکیم اللہ محسودکے مرنے پر روئے تھے، انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ڈاکٹر عاصم اور ایان علی کے خلاف ناجائز استعمال کرنا شروع کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف ان کا خاندان، پارٹی اور سپاہی دہشتگردوں سے لڑ رہے ہیں اور شہادتیں پا رہے ہیں، جبکہ باقی تمام نیشنل ایکشن پلان اور دہشتگردی متعلق پالیسی پر صرف سیاست کر رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دہشتگردوں کو ہماری پارٹی کے سامنے کھڑا کیا، نواز لیگ کلین شیو چہروں کے پیچھے اپنی دہشتگردی چھپا رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے پاس بھٹو کی طاقت ہے اور ان کے پاس ضیاء کی طاقت، ہم نے ضیاء کو شکست دی، ہم نے مشرف کو ہرایا، پاکستان پیپلزپارٹی نے نوزشریف کو متعدد بار شکست دی اور 2018کے عام انتخابات میں بھی اس کو شکست دیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ سفر تبدیلی کے میدان میں چھلانگ لگائی ہے ، پنجاب میں اپنا جمہوری اسپیس حاصل کرنے کیلئے بلاول بھٹو لاہور میں ٹھہرے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سی پیک شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا آئیڈیا تھا جبکہ صدر آصف علی زرداری نے اس کو ایک ویژن میں منتقل کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے سابق گورنر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ نواز لیگ نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابات چوری کیے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات بھی ایک ہی دن کرائے جائیں، قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے گلگت سے سرداری نظام کا خاتمہ کیا اور عا م آدمی کو با اختیار بنایا لیکن نوازلیگ نے وہاں دوبارہ سرداروں کو بحال کیا اور غریب عوام کو پیچھے دھکیل دیاہے، گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ مہدی شاھ نے کہا کہ ہمارے علاقے کے عوام نے صرف اور صرف پاکستان پیپلزپارٹی کے دور حکومتوں میں اپنے جائز حقوق حاصل کیے ہیں، پیپلزپارٹی گلگت بلتستان ریجن کو صوبے کا درجہ بھی دے گی، انہوں نے نواز حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے خاموشی سے سی پیک کی بنیاد رکھی تھی،اگر سی پیک منصوبہ میں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کو یقینی نہیں بنایا گیا تو یہاں کا عوام سی پیک روٹ کو گذرنے نہیں دیں گے، اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گلگت کی روایتی ٹوپی اور چوغہ پہنایا،تقریب میں سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف،اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سینیٹر شیری رحمان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی،اس موقع پر گلگت بلتستان کی روایتی موسیقی بھی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور نریندر مودی دوستی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ جاگ پنجاب جاگ، تیری پگ کو لگ گیا شریفوں کا داغ کا نیا نعرہ لگاتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کے جانے کی پیشگوئی بھی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف زرداری کو پھر صدر بنائیں گے۔۔ لاہور میں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا چودھری نثار وزیراعظم اور نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں نرم موقف اختیار کرنے پر سرتاج عزیز پر برس پڑے اور کہا نریندر مودی نے گالی دی۔ وزیر خارجہ ہوتا تو مودی اور اشرف غنی کو جواب دیتا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا اگلی بار آصف زرداری پھر صدر پاکستان بنیں گے اور کراچی کا میئر بھی جیالا ہو گا۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم نواز شریف کے جانے کی پیشگوئی کر دی اور جاگ پنجاب جاگ کا نعرہ بھی دے دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کو گالی دیتا ہے لیکن ہمارے مشیر خارجہ اس کا جواب تک نہیں دے سکے۔انہوں نے کہا کہ نواز مودی کی دوستی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امریکا میں نیا صدر منتخب ہوا ہے،مودی پاکستان مخالف بیانات دے رہا ہے، صدر افغانستان مودی کی زبان بول رہے ہیں اور ان امور سے نمٹنے کے لیے ہمارے ملک میں کوئی مستقل وزیر خارجہ ہی نہیں ہے،یہی وجہ ہے کہ ہارٹ آف ایشیاء میں پاکستان موثر نمائندگی نہیں کرسکا مشیر خارجہ مودی کے نفرت آمیز بیانات کا جواب دینے کے بجائے ان سے ہاتھ ملاتے رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف جارہے ہیں اور آج بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف کے دور کا خاتمہ ہو گیا ہے اور پیپلز پارٹی کے دور کا آغاز ہوگیا ہے میں نے اگلے انتخابات کے جو نتائج بتائے ہیں اب اس سے بہت لوگ خوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں تبدیلی لے آیا ہوں اور آپ سب لوگوں کی مدد سے پورے ملک میں تبدیلی لاوٴں گا اور حقیقی عوامی حکومت قائم کروں گا۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر کے شروع میں جاگ پنجابی جاگ تیری پگ نوں لگ کی داغ کے مشہور نعرے میں نواز مخالف الفاظ شامل کر کے کارکنان سے لگوائے۔