اقوام متحدہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے،طارق فاطمی

اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی پاس کردہ قرادادوں پر عملدرآمد کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ کی اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں گفتگو

جمعرات 8 دسمبر 2016 11:30

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2016ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے،اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی پاس کردہ قرادادوں پر عملدرآمد کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام جن میں سیکرٹری جنرل انٹونیو گلٹرز، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جان ایلیسن اور انڈر سیکرٹری سیاسی امور جیفری فیلڈ مین سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔

ان ملاقاتوں میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی ان کے ہمراہ تھیں، ملاقوں میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت سے وسیع البنیاد تعلقات چاہتا ہے، دوسری طرف انہوں نے یاد کراتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف نے انڈیا کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی اور فائدے مند تعلقات قائم کرنے پر تیار ہیں لیکن دوسری طرف سے ان کی کوششوں پر جواب نہ ملنے پر مایوسی ہوئی۔

معاون خصوصی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انڈیا کی قابض فورس جموں کشمیر میں کشمیری لوگوں پر ظلم کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، بھارتی فورس نے ایک سو سے زیادہ لوگوں کو قتل جبکہ ہزاروں کو زخمی کیا، چھ سو سے زیادہ لوگوں کی آنکھوں میں فائر کرکے آنکھوں کی بینائی سے محروم کیا۔کشمیر سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بارڈر کی مسلسل خلاف ورزی کرتا ہے، بھارت جان بوجھ کر سویلین آبادی کو ٹارگٹ کر ریا ہے، بھارت نے دوطرفہ تعلقات کیلئے تمام دروازے بند کر دئیے ہیں، اس صورت حال میں اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور فوری طور پر اس پرانے متنازعہ مسئلے کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

افغانستان بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، پاکستان نے افغان مہاجرین کی واپسی کی تاریخ کو بڑھا دیا ہے تاکہ افغان مہاجرین عزت اور احترام سے اپنے ملک واپس جا سکیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ دہشتگردی ختم کرنے سے ملک میں معیشت بہتر ہوئی ہے، دہشتگردی کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور ڈھانچہ کو تباہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایلین نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا اہم ممبر ہے اور خطے میں اس کا ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تعریف کی کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی۔ فاطمی نے وزیراعظم کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گلٹر کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے تعلقات مزید اچھے ہوں گے۔ معاون خصوصی نے نیویارک میں اپنے ایک دن کے قیام کے دوران عرب ملکوں کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں

متعلقہ عنوان :