عمران خان کا کیس عدالت میں اسی دن ختم ہو گیا تھا جس دن سے وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے،پرویز رشید

استعفیٰ دور کی بات ، نواز شریف کی شیروانی کا ٹوٹا بٹن بھی نہیں دینگے،پریس کانفرنس سے خطاب عمران خان یوٹرن کا شہنشاہ ، وہ ملک کی ترقی کو نہیں دیکھنا چاہتے ہیں، وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان

ہفتہ 10 دسمبر 2016 11:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10دسمبر۔2016ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا کیس عدالت میں اسی دن ختم ہو گیا تھا جس دن سے عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے، وزیراعظم سے استعفیٰ دور کی بات ہے، نواز شریف کی شیروانی کا ٹوٹا بٹن بھی نہیں دینگے، جبکہ وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ عمران خان یوٹرن کے شہنشاہ ہیں وہ ملک کی ترقی کو نہیں دیکھنا چاہتے ہے، گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن کے بعد عدالت سے بھی بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف والے عدالت میں قانونی دلیل پیش کرنے کی بجائے دھمکیاں دینے پر تلے ہوئے ہیں، پانامہ لیکس سے متعلق تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن کا مطالبہ دراصل عمران خان کا تھا، درخواست میں ان کی یہی استدعا ہے جبکہ نواز شریف پہلے دن سے یہی کمیشن بنانے کا کہہ رہے ہیں، عمران خان اب سپریم کورٹ کے فیصلے سے انکاری ہو رہے ہیں یہ انتہائی افسوسناک رویہ ہے، وہ عدالت سے بھاگ اسلئے رہے ہیں کہ ان اور انکے وکیل کے پاس جھوٹ کے علاوہ کوئی قانونی جواز نہیں ہے، ان کے بے نقاب ہونے کا وقت قریب آچکا ہے، عمران خان کا سپریم کورٹ کی کارروائی سے بائیکاٹ کرنے کا اقدام نہایت افسوس ناک ہے، اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے گئے اور اخباری تراشے کے کاغذات کو عدالت نے پہلے ہی مسترد کر دئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کو پسند نہیں کرتے ہیں ، انہوں نے ملک و قوم کے 7ماہ اسی معاملے پر ضائع کر دئیے، انہیں چاہئیے کہ عوام کا وقت ضائع کرنے پر عوام سے معافی مانگیں۔