آصف زرداری 23 دسمبر کوپاکستان پہنچیں گے

سابق صدر خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پہنچیں گے،پارٹی کارکنان کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا جائے گا استقبال کیلئے ملک بھر سے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور کارکنان کی آمد متوقع 25 دسمبر کو سابق صدر لاڑکانہ روانہ ہوں گے، 26 اور 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گے

منگل 20 دسمبر 2016 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری 23 دسمبر کوپاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری 23 دسمبر سہ پہر تین بجے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کے کارکنان کی جانب سے سابق صدر کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

ان کے استقبال کیلئے ملک بھر سے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور کارکنان کی آمد متوقع ہے۔آصف علی زرداری کراچی ائیرپورٹ پر استقبال کیلئے موجود کارکنان سے خطاب کریں گے اور ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں ائیرپورٹ سے بلاول ہاؤس میں اراکین سندھ اسمبلی سے ظہرانے پرملاقات کرینگے۔ جس کے بعد ملک بھر سے آئے ہوئے کارکنان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

25 دسمبر کو سابق صدر لاڑکانہ روانہ ہوں گے۔

جہاں وہ شہید بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پرحاضری دیں گے اورفاتحہ خوانی کریں گے۔ 26 اور 27 دسمبر کو سابق صدر آصف علی زرداری محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ 28 دسمبر کو نواب شاہ پہنچیں گے اور اپنے والا حاکم علی زرداری کی قبر پر فاتحہ خوانی کریں گے اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی مصروفیات کراچی میں ہوگی یا وہ لاہور اسلام آباد کا دورہ کریں گے واضح رہے کہ سابق صدر کے پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے جبکہ پارٹی کی تمام تر ذمہ داریاں چیئرمین بلاول بھٹو نے سنبھالیں جس میں پارٹی امور سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے سب سے اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے تھا ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ خود چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔

جبکہ انہوں نے پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے اہم اعلانات کئے تمام تنظیموں کو تحلیل کرنے کے بعد دوبارہ تنظیم سازی کا سلسلہ شروع کیا انہوں نے کوشش کی کہ وہ نوجوان پارٹی کے کارکنوں کو نئی تنظیم میں شامل کریں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے بلاول ہاؤس لاہور تقریبات کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن کو آڑے ہاتھوں لیا آصف علی زرداری کی ملک میں غیر موجودگی میں چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں ایک نئی روح ڈال دی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو چار مطالبات پیش کئے ہیں اگر حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو بلاول بھٹو زرداری 27 دسمبر کو حکومت مخالف تحریک شروع کرنے سے متعلق پارٹی کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔