سانحہ اے پی ایس پشاور میں ملوث تمام دہشت گردوں کو پھانسی دی جائے گی

سانحے میں ملوث دہشت گرد اگر پکڑے جائیں یا وہ خود ہتھیار ڈال دیں تب بھی انہیں معاف نہیں کیا جائے گا: ترجمان پاک فوج

بدھ 24 مئی 2017 23:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مئی ء) ترجمان پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں ملوث تمام دہشت گردوں کو پھانسی دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج جنرل آصف غفور نے اعلان کیا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں ملوث تمام دہشت گردوں کو پھانسی دی جائے گی۔

سانحہ اے پی ایس پشاور میں ملوث کئی دہشت گردوں کو پہلے ہی پھانسی دی جا چکے ہے۔

(جاری ہے)

سابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان احسان اللہ احسان کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اس سانحے میں ملوث باقی دہشت گرد اگر پکڑے جائیں یا وہ خود ہتھیار ڈال دیں تب بھی انہیں معاف نہیں کیا جائے گا اور ہر صورت انہیں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان احسان اللہ احسان نے کچھ روز قبل خود کو عسکری اداروں کے حوالے کر دیا تھا۔ احسان اللہ احسان کو حراست میں لیے جانے کے بعد عوام کی جانب سے بھرپور مطالبہ کیا گیا تھا کہ سابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان کو فوری پھانسی پر لٹکایا جائے۔