سینیگال، تماشائیوں میں تصادم کے بعد فٹبال سٹیڈیم کی دیوار گرنے سے 8 افراد ہلاک، 49 زخمی

اتوار 16 جولائی 2017 12:10

ڈاکار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر جولائی ء) افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے 8 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دو فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔

(جاری ہے)

سٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بور اور یونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں سٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے ,1 2کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔

آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشایئوں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے سٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی،جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ۔ صدر میکی سال کے ترجمان نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد سنیگال میں جاری انتخابی مہم ایک دن کے لئے کو معطل رہے گی اور کہا کہ ذمہ داران کو سزا ملنی چاہیے تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :