پانامہ کیس، جے آئی ٹی رپورٹ پر فریقین کے دلائل مکمل ،فیصلہ محفوظ ، آئندہ ہفتے تک سنائے جانے کا امکان

روز ہ سماعت میں وزیراعظم نواز شریف ، حسین، حسن اور مریم نواز سمیت اسحاق ڈار کے وکلاء نے جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات پر مبنی تفصیلی دلائل دیئے، عمران خان اور سراج الحق کے وکلاء ، شیخ رشید نے خود دلائل دیئے، عدالت کی طرف سے شریف خاندان کو صفائی کا پورا موقع دیا گیا

جمعہ 21 جولائی 2017 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ جولائی ء) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ پر فریقین کے دلائل مکمل ہو گئے،5روز تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران وزیراعظم نواز شریف ، حسین نواز، حسن نواز، مریم نواز اور سینیٹر اسحاق ڈار کے وکلاء نے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اعتراضات پر مبنی تفصیلی دلائل دیئے، عمران خان اور سراج الحق کے وکلاء جبکہ شیخ رشید نے خود دلائل دیئے، عدالت کی طرف سے شریف خاندان کو صفائی کا پورا موقع دیا گیا،،فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے تک سنائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پانامہ کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر وزیراعظم نواز شریف، حسین نواز، حسن نواز، مریم نواز اور سینیٹر اسحاق ڈار کے وکلاء نے اپنے اعتراضات پر مبنی تفصیلی بیانات اور دلائل دیئے، ان وکلاء نے اپنے موکلان کے دفاع میں دستاویزات بھی پیش کیں جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ٹیکس کا تفصیلی ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا گیا، اس کیس کے پٹیشنر عمران خان،شیخ رشید اور سراج الحق کے وکلاء کی طرف سے بھی جے آئی ٹی کی رپورٹ پر دلائل دیئے گئے تاہم شیخ رشید نے خود دلائل دیئے اور جب وہ دلائل دیتے تھے تو کمرہ عدالت میں موجود شرکاء ان کی بات سے خوب محظوظ ہوتے رہے ، ججز کے ریمارکس بھی کافی دلچسپ رہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عظمت سعید خوشگوار انداز میں وکلاء کے دلائل کے دوران ریمارکس دیتے رہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پانامہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آئندہ ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے۔