پاکستان میں بے حد محبت اور پذیرائی ملی، یہاں آتی رہوں گی، امریکی خاتون کوہ پیما ونیسا اوبرائن

منگل 15 اگست 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اگست ء) امریکی خاتون کوہ پیما ونیسا اوبرائن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے حد محبت اور پذیرائی ملی ہے اور اب یہاں کی پہاڑیوں سے زیادہ یہاں کے لوگوں سے محبت ہو گئی ہے، خواتین کا کسی بھی شعبہ میں آگے بڑھنا ضروری ہے تاکہ مرد ان کی حوصلہ افزائی کریں، کے ٹو کو سر کرنا ہر کوہ پیما کی خواہش ہوتی ہے، کے ٹو سر کرنے سے بے حد خوشی ہوئی۔

منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے لوگوں سے محبت کرتی ہیں اور اس ملک کا سفر کرنا اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے عوام کے رابطے ہونے چاہئیں، اس طرح کے رابطے قوموں کو قریب لانے کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے ٹو سر کرنا ان کی زندگی کا ایک یادگار ترین لمحہ ہے۔ خواتین کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو آگے آنا چاہئے اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھنا چاہئے، خواتین کا کسی بھی شعبہ میں آگے بڑھنا ضروری ہے تاکہ مرد ان کی حوصلہ افزائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ مردوں کی مدد کے بغیر خواتین کیلئے مشکل ہوتا ہے کہ کوئی اہم کارنامہ سرانجام دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ جب کے ٹو کی ٹاپ پر پہنچیں تو بہت پرجوش تھیں کیونکہ ہر بڑی کوہ پیما کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کے ٹو کو سر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اوپر جانے سے اترائی کا سفر مشکل ہوتا ہے آسان نہیں کیونکہ اگر معمولی سا بھی پائوں پھسل جائے تو وہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کوہ پیمائی کے علاوہ بھی پاکستان میں آیا کروں گی، پہاڑیوں سے زیادہ مجھے اس ملک کے عوام اچھے لگے ہیں اور میں یہاں آتی رہوں گی۔

پاکستان میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں، یہاں پر انفراسٹرکچر کی بڑی ضروری ہے، جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے دو مرتبہ 2015ء اور 2016ء میں بھی کے ٹو سر کرنے کیلئے سفر کا آغاز کیا تاہم خراب موسم کی وجہ سے سفر کو مکمل نہ کر سکیں، اس مرتبہ بھی موسم خراب تھا، کوہ پیمائوں کی دوسری ٹیمیں واپس لوٹ گئی تھیں تاہم میں نے اپنا سفر جاری رکھا اور کے ٹو سر کی۔ واضح رہے کہ وینسا اوبرائن اس سے پہلے بھی کئی بلند پہاڑیوں کو سر کر چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :