محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے ، عمران خان کو اب معلوم ہوا ہے کہ ان سے تاریخی غلطی ہو گئی

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 15 اگست 2017 22:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اگست ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے تاہم اس کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد حتمی پروگرام جاری کیا جائے گا، پارٹی کی تنظیم سازی کے متعلق بھی بات ہوئی ہے جس کے لئے کمیٹیاں بنائی جائیں گی، بلاول کسی اور کی لائن پر چل رہے ہیں۔

وہ جاتی امراء میں پارٹی اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ وہ ہمارا فون نہیں سنیں گے ،وہ بتائیں انہیںفون کیا کس نے ہے، عوامی مفاد میں ترامیم میں ساتھ نہیں دیں گے تو عوام انہیں چھوڑدیں گے، زرداری صاحب بلاول کو خود گا ئیڈ لائن دیں ،انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اب معلوم ہوا ہے کہ ان سے تاریخی غلطی ہو گئی اور انہیں اس کا احساس ہونا شروع ہو گیا ہے، وہ قسمیں اٹھا کر بھی کہیں گے کہ اس میں میرا کردار نہیں تو کوئی نہیں مانے گا کیونکہ مرکزی مہرہ آپ ہی تھے ،انہوںنے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کا خیال تھا کہ محمد نواز شریف پر عدالتی نا اہلی کا ٹھپہ لگے گا اور وہ سر نیچا کر کے گھر چلے جائیں گے لیکن عدالتی فیصلے کے بعد ہماری عوامی سپورٹ میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ، جو ہمارے خلاف بحری جہاز کا ’’ بھو بھو ‘‘ بنے ہوئے تھے اللہ ان کا بھی بھلا کرے لیکن جی ٹی روڈ کے سفر سے کچھ چیزیں بدلی ہیں اور مخالفین کو اس کا اندازہ ہو گیا ہے ، محمد نواز شریف کا کارکن اب وزیر اعظم ہے او ر دوسرے کارکن وزراء ہیں ، اب بھی سب کچھ محمد نواز شریف کے ہاتھ میں ہے ،بتائیں اپوزیشن کے ہاتھ میں کیا آیا ہے ، محمدنواز شریف کے ساتھی حکومت کر رہے ہیں اور وہ جلسے کر رہے ہیں ،میں عمران خان کی خدمت میں بڑے ادب اور شان میں گستاخی کئے بغیر عرض کرنا چاہتا ہوں کہ وہ وقت آئے گا جب آپ ہمارے ساتھ آئیں گے اور ہمیں آپ کے پاس نہیں آنا پڑے گا ، انہوںنے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل کے حوالے سے بڑے پر عزم ہیں کہ باقی جماعتوں کے تعاون سے انتخابی اصلاحات کی منظوری کر الیں گے اور یہ تاریخی دن ہوگا ، انہوںنے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے چیزوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس حوالے سے تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں تاہم مشاور ت کے عمل کے بعد جلد پروگرام جاری کر دیں گے۔