پاکستان نے آزادی کپ سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ورلڈ الیون کو 20رنز سے ہر ا دیا،بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ،تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ،دوسرا میچ آج ہوگا

منگل 12 ستمبر 2017 23:20

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ ستمبر ء)پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے آزادی کپ سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی ٹیم نے بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے ورلڈ الیون کو 20رنز سے ہر ا کر تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ،سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج بدھ کی شام سات بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ،پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197رنز بنائے جبکہ ورلڈ الیون مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا سکی،لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈہو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی،پاکستانی کی جانب سے فخر زمان نے دو چوکے لگا کر جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اسی اوور میں مورنے مورکل کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے،اس کے بعد احمد شہزاد اور بابر اعظم نے 122 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی،احمد شہزاد 39 رنز بنانے کے بعد بین کٹنگ کی گیند پر ڈیرن سیمی کو وکٹ دے بیٹھے،بابر اعظم نے 86 رنز کے ساتھ ٹی20 کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عمران طاہر کی واحد وکٹ بنے،اختتامی اوورز میں شعیب ملک اور عماد وسیم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 197 رنز بنائے، شعیب نے 38 اور عماد نے 15 رنز بنائے،ورلڈ الیون کی جانب سے سری لنکا سے آئے تھسارا پریرا دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے لیکن اس کیلئے انہیں 51 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی،198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور ہاشم آملا نے اپنی ٹیم کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا،تمام باؤلرز کی ناکامی سرفراز احمد رومان رئیس کو باؤلنگ کیلئے لے کر آئے جنہوں نے تمیم اقبال کو آؤٹ کر کے کپتان کا انتخاب درست ثابت کیا،ورلڈ الیون کی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ہاشم آملا بھی رومان کو وکٹ دے بیٹھے،اس موقع پر ٹم پین اور فاف ڈیو پلیسی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن ایک ایسے موقع پر جب دونوں کھلاڑی بالکل سیٹ نظر آرہے تھے، ڈیو پلیسی 29 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے،ٹم پین سے بھی ساتھی کھلاڑی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی سہیل خان کی گیند پر رومان کو کیچ دے کر پویلین لوٹے،ڈیوڈ ملر نے شاداب کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ بڑا شاٹ کھیلے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے،گرانٹ ایلیٹ کی اننگز بھی 14 رنز تک محدود رہی اور وہ اننگز میں سہیل خان کی دوسری وکٹ بنے،اختتامی اوورز میں ڈیرن سیمی کی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود ورلڈ الیون مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے 20 رنز سے فتح اپنے نام کر لی،پاکستان کی طرف سے شاداب خان ،رمان رئیس اور سہیل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔

متعلقہ عنوان :