اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نابینا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے

حکومت سے مطالبات فوری تسلیم کرنے اور پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھانے کا اعلان نابینا افراد کے ساتھ حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ پنجاب حکومت عقل کی اندھی اور گونگی بہری ہو چکی ہے

بدھ 11 اکتوبر 2017 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اکتوبر ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نابینا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے، حکومت سے مطالبات فوری تسلیم کرنے اور پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھانے کا اعلان، اپوزیشن لیڈر نے دو دن سے بھوکے نابینا افراد میں کھانا بھی خود تقسیم کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید لاہور میں دو روز سے جاری نابینا افراد کے احتجاج میں شامل ہو گئے، جس پر مظاہرین نے حکومت مردہ باد تحریک انصاف عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر مظاہرین نے اپوزیشن لیڈر کو مطالبات اور اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں سے آگاہ کیا، جس پر میاں محمودالرشید نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انکے مطالبات کو 16اکتوبر سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے اور انکے ساتھ ہونے والی زیادتوں کا ہر صورت ازالہ کرائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نابینا مظاہرین نے شکایت کی کہ ان سے کسی حکومتی شخصیات نے رابطہ نہیں کیا اور وہ دو دن سے بھوکے پیاسے ہیں جس پر میاں محمودالرشید نے فوری طور پر انکے پانی کی بوتلیں اور کھانا منگوایا اور مظاہرین میں تقسیم کرنے کے ساتھ خود بھی انکے ہمراہ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب حکومت سے نابینا افراد کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کے ساتھ حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ پنجاب حکومت عقل کی اندھی ہو چکی ہے اور گونگی و بہری ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے نابینا افراد کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو وہ اس معاملے کو آئندہ ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔