کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنانیوالا مبینہ ملزم وسیم منڈی بہائوالدین سے گرفتار

خواتین پر حملوں میں ملوث ملزم کے دوست کی نشاندہی پر پنجاب اور کراچی پولیس نے منڈی بہائوالدین میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران وسیم نامی مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اکتوبر ء)کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنانے والے مبینہ ملزم وسیم کو منڈی بہائوالدین سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق خواتین پر حملوں میں ملوث ملزم کے دوست کی نشاندہی پر پنجاب اور کراچی پولیس نے منڈی بہائوالدین میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران وسیم نامی مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم وسیم کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اسے مزید تفتیش کے لئے کراچی منتقل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مبینہ مرکزی ملزم وسیم کے قریبی دوست شہزاد کو پولیس نے 4 روز قبل ملیر سے حراست میں لیا تھا۔

(جاری ہے)

چھری یا تیز دھار آلے سے خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور گلشن میں کارروائیاں کرتا تھا، اور اب تک 16 خواتین کا نشانہ بنا چکا ہے۔

ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل سوار ملزم خواتین کو عقب سے نشانہ بناتا اور زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا۔اس سے قبل پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم نفسیاتی ہے جب کہ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کے لئے 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔#

متعلقہ عنوان :