نوازشریف پارٹی صدرتوبن گئے مگرمیں نہیں سمجھتا وہ پھروزیراعظم بن سکیں گے، خورشیدشاہ

پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں،ملک میں استحکام معیشت کی بہتری سے آتا ہے ، حکومت مستحکم نہیں ہوگی تو بڑانقصان ہوتا ہے، اپوزیشن لیڈر

اتوار 15 اکتوبر 2017 17:41

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اکتوبر ء)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیدخورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ نوازشریف دوبارہ پارٹی صدرتوبن گئے مگرمیں نہیں سمجھتا وہ پھروزیراعظم بن سکیں گے،ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اتوارکوسکھرمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سیدخورشید شاہ نے کہاکہ ملکی معیشت کسی صورت قرضوں پرنہیں چل سکتی، معیشت کاسب سے اہم حصہ ریاست کااستحکام ہے اورملک میں استحکام معیشت کی بہتری سے آتا ہے ، حکومت مستحکم نہیں ہوگی تو بڑانقصان ہوتا ہے، ادارے کمزورہوں گے توسسٹم کمزورہوگا جب کہ اداروں کے تصادم سے ریاست کمزورہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا کام حکومت کی کوتاہیوں کوسامنے لانا ہے، جمہوری تقاضے پارلیمنٹ میں پورے کرنے کی کوشش کی، حکومت کی مدت 4 سال ہوتی تویہ مشکلات نہیں ہوتیں۔

(جاری ہے)

معیشت کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہماری درآمدات اوربرآمدات پہلے کہاں تھیں اوراب کہاں ہیں، پاک فوج بھی اسٹیک ہولڈر ہے، معیشت پربات کرنااس کابھی حق ہے جب کہ عام آدمی کا بھی حق بنتا ہے کہ معیشت پربات کرے۔خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سے بات ہوئی ہے، صحت سے متعلق اصلاحات لائیں گے، سندھ حکومت نے 5 ہزارنئے ڈاکٹربھرتی کئے ،سندھ میں اسپتال بنائے جارہے ہیں، ان کاموں کیلئے 8 ،10 سال اورچاہیئں۔