عام انتخابات جولائی2018کو ہوں گے، مسلم لیگ(ن) کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائے گی، نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے وہ آج پورے کررہے ہیں،

مسلم لیگ(ن) شرافت کی سیاست کرتی ہے،2013 کے مقابلے میں آج پاکستان کہیں زیادہ پرامن اور خوشحال ہے، مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی سیاست کرتی ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا سابق سینیٹر عباس خان آفریدی کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 19:02

کوہاٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 16 دسمبر 2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عام انتخابات 15جولائی2018کو ہوں گے اور مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائے گی، نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے وہ آج پورے کررہے ہیں، اتنے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں کہ اگر ایک ہفتہ میں ایک منصوبے کا افتتاح کریں تو بھی پورے نہیں ہو سکیں گے، مسلم لیگ(ن) شرافت کی سیاست کرتی ہے ہم گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے،گالم گلوچ کی سیاست کبھی کامیاب نہیں ہوتی،آج پاکستان 2013 کے مقابلے میں کہیں زیادہ پرامن اور خوشحال ہے،مسلم لیگ(ن) واحد جماعت ہے جو پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی سیاست کرتی ہے،گزشتہ 15سالوں کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کی چار سالہ کارکردگی شاندار ہے، پورا یقین ہے کہ کوہاٹ کے عوام 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں سابق سینیٹر عباس خان آفریدی کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر امیر مقام، سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی عباد اللہ اور ممبران صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنوں نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے فلک شگاف نعرے لگائے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کوہاٹ میں بجلی کی صورتحال بہتر بنانے، گیس کی فراہمی، سٹیڈیم کا کام مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کوہاٹ آ کر خوشی ہوئی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے دو سال قبل جو وعدے کئے وہ پورے ہو رہے ہیں، ان علاقوں کے بچوں کیلئے ایک فعال اور اہم ادارہ موجود ہے، کوہاٹ فی میل کیمپس اس علاقہ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا یہاں بچیاں تعلیم حاصل کر سکیں گی، عباس آفریدی کے مشکور ہیں وہ سمجھتے تھے کے جو کام علاقہ کی بہتری کیلئے ہے وہ کیا جائے، تعلیمی اداروں کی تعمیر سے ووٹ نہیں ملتا، گلیوں، سڑکوں کی تعمیر سے ووٹ بنتے ہیں لیکن عباس آفریدی کا مطالبہ کہ وویمن یونیورسٹی بنائی جائے پورا کر دیا ہے اور علاے میں وویمن یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف باتیں نہیں ترقیاتی کام کرتی ہے، 15 ، 20 سال دیکھ لیں۔ گزشتہ چار سال میں اس سے کئی گنا زیادہ کام (ن) لیگ کی حکومت نے کئے، آٹھ سال آمر کی حکومت رہی کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، پھر پانچ سال پی پی کی حکومت رہی ، کیا انہوں نے کوئی کام کیا خیبرپختونخوا میں کام مسلم لیگ (ن)کے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سوچ رکھتی ہے، مسلم لیگ (ن) ووٹوں کی نہیں بلکہ ترقی کی سیاست کرتی ہے، آج میں نے 22 ارب کی ایک اور 10 ارب روپے کی دوسری سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس سے اسلام آباد تک کا سفر ایک گھنٹہ کا رہ جائے گا، یہ منصوبے بہتر سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی گالی کی سیاست نہیں کی، ہماری وہ سیاست نہیں، ہماری شرافت کی سیاست ہے، میں کوہاٹ کے لوگوں کو جانتا ہوں، یہاں محب وطن اور شریف لوگ بستے ہیں، وہ سیاست اور قربانی دینا سمجھتے ہیں، وہ گالی کی سیاست کو پسند نہیں کرتے، اس سے تالیاں تو بج جاتی ہیں مگر کامیابی نہیں ملتی، اگر آپ نے سیاست کرنی ہے تو عوامی خدمت کی سیاست کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جولائی 2018ء کو الیکشن ہو گا، مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائے گی، ہمیں کوئی پشیمانی نہیں کیونکہ سب سے زیادہ کام ہم نے کئے، موٹروے اور یونیورسٹیاں بنائیں، بجلی بحران، گیس بحران کا خاتمہ کیا، ہم نے دہشت گرد حملوں کا مقابلہ کیا، ہمارے شہر، عبادت گاہیں محفوظ نہیں تھیں، ہم نے اس خرابی کا مقابلہ کیا، آج پورا پاکستان محفوظ ہے، ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) عوام کے پاس جائے گی، پھر عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو عوام کی خدمت کریں، فیصلہ عوام پر چھوڑیں، آج بڑے بڑے جلسے ہوتے ہیں جہاں فاٹا کی بات ہوتی ہے، یہ کام مسلم لیگ (ن) نے شروع کیا، ہر ایجنسی تک گئے، ہر فرد تک گئے، تین سال تک پراسیس ہوا، مسلم لیگ (ن) نے یہ کام شروع کیا وہی مکمل کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر شخص یہ محسوس کرتا ہے کہ فاٹا کو پاکستان کا حصہ ہونا چاہیے، جو لوگ آج اس کو سیاست کی نظر کرنا چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ 100 سال پرانا نظام ختم کرنے کے لئے بھی اتفاق رائے پیدا کریں۔

اس موقع پر شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر فاٹا کے انضمام کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کسی تفریق کی بات نہیں کی، سیاسی مقاصد کے لئے کبھی بھائیوں کو نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، یہ کام بھی مسلم لیگ (ن) ہی کرے گی، سیاست ایک جگہ ہوتی ہے، آج سے تین سال پہلے پشاور میں دردناک واقعہ کے بعد پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور عوام نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا، آج پاکستان دہشت گردی سے پاک ہے، آج پورا پاکستان محفوظ ہے، ہماری محنت اور قربانیاں رنگ لائیں، آج پاکستان کے عوام کو تحفظ حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست کرتی ہے، الزامات کی نہیں، ہم نے سچ، شرافت کی سیاست کی، چھوٹ یا گالی گلوچ کی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر سے قبل گیس کا کام شروع ہو جائے گا، یہ آپ کا حق ہے، کسی کا احسان نہیں، یہاں سے گیس نکلتی ہے، پہلا حق آپ کا ہے، ہم نے قانون سازی کر دی ہے، جہاں سے گیس نکلے گی 5 کلومیٹر کے علاقے کو پہلے ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہر ہفتہ اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کا افتتاح ہو رہا ہے، اتنے منصوبے ہیں کہ یہ جون 2018ء تک مکمل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ منصوبے ہیں جو مکمل ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے باقی علاقوں کی طرح کوہاٹ کی عوام بھی جولائی 2018ء میں شیر کو ووٹ دیں اور ترقی کا ساتھ دیں۔ سٹیڈیم آپ کی ضرورت ہے اور ہماری ذمہ داری ہے، یہ مکمل ہو گا۔