قومی اسمبلی ،عمران خان اورشیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور، قرارداد حکومت ، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی

ایوان عمران خان اور شیخ رشید احمد کی جانب سے پارلیمان کیلئے لعنتی اور ہزار پر لعنت جیسے الفاظ استعمال کرنے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ، عمران خان اور شیخ رشید نے درحقیقت عوام کی تذلیل کی، پاکستان کا استحکام ، سربلندی اور ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے، پارلیمان جمہوریت کا نمائندہ ادارہ ہے اور کسی دوسرے نظام کی ملک میں گنجائش نہیں ،قرار دادکا متن

جمعرات 18 جنوری 2018 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 18 جنوری 2018ء) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔قرار داد حکومت ، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان عمران خان اور شیخ رشید احمد کی جانب سے پارلیمان کیلئے لعنتی اور ہزار پر لعنت جیسے الفاظ استعمال کرنے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ، عمران خان اور شیخ رشید نے درحقیقت عوام کی تذلیل کی، پاکستان کا استحکام ، سربلندی اور ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے، پارلیمان جمہوریت کا نمائندہ ادارہ ہے اور کسی دوسرے نظام کی ملک میں گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کیخلاف مذمتی قرار داد پیش کی، قرار داد پر پیپلز پارٹی ،جمعیت علماء اسلام (ف)،ایم کیو ایم اور پختونخوا عوامی پارٹی کے ارکان کے دستخط تھے ۔ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے رائے شماری کے بعد قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے لاہور میں جلسے سے خطاب کے دوران پارلیمان کیلئے لعنتی اور ہزار پر لعنت جیسے الفاظ استعمال کرنے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے،انہوں نے آئینیو مقدس ایوان کی عزت اور توقیر قصداً مجروح کرنے کی کوشش کی ہے،جس کے نہ صرف وہ خود ممبر ہیں بلکہ 20کروڑ سے زائد عوام کا نمائندہ ادارہ ہے، در حقیقت ان الفاظ کے کہنے سے انہوں نے پاکستان کے عوام کی تذلیل کی ہے، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے، یہ ایوان اور اس کے اراکین کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا استحکام ، سربلندی اور ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے جو کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن اور آئین کے عین مطابق ہے،یہی پارلیمان جمہوریت کا نمائندہ ادارہ ہے اور کسی دوسرے نظام کی ملک میں گنجائش نہیں۔