سپیکر قومی اسمبلی کا مالاکنڈ میں سوئی گیس میٹروں کی تنصیب میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس ،

سیکرٹری پٹرولیم سے تین روز میں رپورٹ طلب

پیر 12 فروری 2018 22:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 فروری 2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع مالاکنڈ اور دیر زیریں میں سوئی گیس میٹروں کی تنصیب و تقسیم میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری پٹرولیم سے تین روز میں رپورٹ طلب کر لی جبکہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے جماعت اسلامی کے اراکین کو جی ایم پشاور سوئی ناردرن کو طلب کر کے بریفنگ دینے کی پیشکش کی ہے۔

قومی اسمبلی کو پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے یقین دلایا گیا ہے کہ ضلع مالاکنڈ اور دیر زیریں میں سوئی گیس کے میٹروں کی تنصیب پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر شفاف انداز میں کی جا رہی ہے، اگر کسی جگہ بے ضابطگی ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے، چھان بین کے بعد اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں صاحبزادہ محمد یعقوب نے مالا کنڈ ڈویژن بشمول ضلع دیر زیریں میں گیس میٹروں کی تقسیم اور تنصیب میں بے ضابطگیوں سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے کہا کہ 2016ء سے ان علاقوں میں گیس کنکشن دیئے جا رہے ہیں جو پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر جاری ہیں، اگر کسی مخصوص بے ضابطگی کی نشاندہی کر دی جائے تو ازالہ کیا جائے گا۔

توجہ مبذو نوٹس پر صاحبزادہ محمد یعقوب کے سوالات کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ گیس کنکشنوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے۔ اس کا نوٹس لے کر چھان بین کرائی جائے گی اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔