نواز شریف عدالتوں کو گالیاں دے رہے ہیں، افواج پاکستان پر تنقید اور اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہیں، نومنتخب سینیٹر مولا بخش چانڈیو

میاں نواز شریف سے باادب طریقے سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اداروں کے خلاف جنگ کو ترک کریں آپ وفاق کی سیاست کرتے ہیں اداروں کے خلاف اگر لوگوں کو اٹھائیں گے اشتعال پیدا کریں گے اداروں کو نقصان پہنچائیں گے تو وفاق کو نقصان پہنچایا جائے گا، گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو

منگل 20 مارچ 2018 23:18

ْلاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 20 مارچ 2018ء) پیپلز پارٹی کے نو منتخب سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف عدالتوں کو گالیاں دے رہے ہیں، افواج پاکستان پر تنقید اور اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہیں میاں نواز شریف سے باادب طریقے سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اداروں کے خلاف جنگ کو ترک کریں آپ وفاق کی سیاست کرتے ہیں آپ خود کو بڑے صوبے کا نمائندہ کہتے ہیں اداروں کے خلاف اگر لوگوں کو اٹھائیں گے اشتعال پیدا کریں گے اداروں کو نقصان پہنچائیں گے تو وفاق کو نقصان پہنچایا جائے گا۔

گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو و دیگر کے مزارات پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اب بچنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا پہلے پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری نے ن لیگ کو بحرانوں سے نکالا پر نواز شریف احسان فراموش نکلے، اب میاں صاحب اندھیروں میں بھٹک رہے ہیں انہیں کوئی راستہ نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اب نواز شریف وفاق کی سیاست نہیں کرنا چاہتے انہیں وفاق سے کوئی دلچسپی نہیں اب علاقائی بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی سیاست تک عمران خان پہنچ ہی نہیں سکتا جہاں عمران خان کی سوچ ختم ہوتی ہے وہاں سے آصف علی زرداری کی سیاست کام کرنا شروع کرتی ہے۔ عقل و سیاسی فہم بڑھتی ہوئی عمر سے نہیں آتی، بلاول بھٹو زرداری نوجوان ہوکر عمران خان سے بہتر لیڈر ہیں۔

دنیا نے دیکھا عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیئے جو کہ پیپلز پارٹی کی فتح ہے اور پورا پاکستان اس فتح پر آصف علی زرداری کو خراج پیش کرتا ہے اور اس کامیابی کے اثرات 2018 کے انتخابات میں سامنے آئیں گے۔ پیپلز پارٹی نئے ولولے کے ساتھ عوامی خدمت کرے گی۔ عمران خان اب عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے جو کراچی کو سندھ سے الگ سمجھتا ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔