آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب ،ْ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے

متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے کی پہلی مرتبہ شرکت ،ْ اردن کے فوجی دستے نے مختلف دھنیں بجا کر تقریب کو چار چاند لگائے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گزرے ،ْ کمانڈوز کاپیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت جدید ترین میزائلوں نصر،بابر،شاہین ،میدان جنگ کے مضبوط ہتھیار،الخالد اور الضرار ٹینکوں،توپخانے ،ریڈار سسٹم سمیت دیگرفوجی سازوسامان کی نمائش سندھ ،پنجاب ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس اور روایتی رقص ، پریڈ میں توجہ کا مرکز بن گئے

جمعہ 23 مارچ 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 23 مارچ 2018ء)آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے ،ْسری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں موجود تھے ،ْ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی اور اردن کے فوجی دستے نے مختلف دھنیں بجا کر تقریب کو چار چاند لگائے ،ْجے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گزرے اور کمانڈوز نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ بھی کیا جبکہ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین مہمان خصوصی اور سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اعزازی مہمان تھے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان ، اراکین پارلیمنٹ ‘غیر ملکی مندوبین‘ سفیروں‘ہائی کمشنروں،میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی فنکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے پریڈ میں شرکت کی۔

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر ممنون حسین کی آمدکا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جو بگھی میں سوار ہوکر صدارتی حفاظتی دستے کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔ سلامی کے چبوترے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ صدر مملکت نے پریڈ کمانڈر بریگیڈیئر عامر امین کے ہمراہ پریڈ میں شامل پنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوں کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔

فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے کی۔ پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔پریڈ میںپنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوںنے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے بھی اپنے مخصوص انداز میں پریڈ کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔ آرمڈکور کا دستہ الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنلز کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔

تقریب میں پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز میزائل سسٹم، شاہین I، شاہین II،شاہین IIIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سامان حرب کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے بھی 300 فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے پیش کئے۔ فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرتے اور طیاروں کو آواز سے دوگنی اور کم ترین رفتار سے دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتب کا مظاہرہ کرتے طیاروں نے شہریوں کی خوب داد سمیٹی۔پاک فضائیہ کے طیاروں کے شاندار مظاہرہ کو دیکھنے کیلئے نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد پریڈ گرائونڈ کے اطراف سمیت جڑواں شہروں میں شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر فضائی مظاہرے دیکھے۔

پریڈ کی تقریب کا ایک اور شاندار مظاہرہ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ تھا۔ تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔تقریب کے اختتام پربچوں نے قومی ملی نغمے پیش کئے ۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ،ْ پریڈ گرائونڈ کے اطراف اور داخلی وخارجہ راستوں پر پاک فوج کے جوانوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ فرائض سرانجام دیئے۔

پریڈ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں پر جڑواں شہروں کی پولیس کے علاوہ پاک فوج کے جوان بھی متعین تھے۔ شہریوں کو شناخت اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور تلاشی کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی گئی دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر کئی گھنٹے موبائل فون سروس معطل رہی تاہم پریڈ کے اختتام کے ساتھ ہی موبائل فون سروس بحال کردی گئی۔