صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو تعلیم گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، وزیر جنگلات خیبر پختونخوا

اتوار 15 اپریل 2018 22:10

پشاور، (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 اپریل 2018ء)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مرزا کلے میرہ کچوڑی پشاور کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو تعلیم گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے ارمڑمیرہ کچوڑی میں گرلز ڈگری کالج کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے یہاں کے باشندوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور میں تعلیم ، صحت اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ دیرینہ اور حل طلب مسئلے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہوں کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ چند سال پہلے مذکورہ یونین کونسل کچوڑی میں ڈگری کالج بنانے کا کوئی تصور نہیں تھا آ ج بفضل خدا رمڑ کا مین روڈ ڈبل اور گلی گلی کو پختہ کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے صوبے میں امن و امان کا سنگین مسئلہ تھا ، ہم نے اقتدار سنبھالتے پوری لگن اور ایمانداری کے سا تھ یہاں مثالی امن قائم کر دیا ہے ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کچوڑی کے لئے پختہ روڈ بنانے کا اعلان کیا اور ایک ہفتے کے اندر اندر اس پر تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ یہاں پر تعلیم کی حصول انتہائی مشکل تھی اور زیادہ تر والدین اپنے بچیوں کو شہر میں تعلیم نہیں دلوا سکتے تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ آج صوبائی حکومت کی تعاون یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا اور کچوڑی کے بچیوں کو گھر وں کی دہلیز پر تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنادیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ مذکورہ کالج کی تعمیر پر 35کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور اس کے ساتھ پانچ بسیںبھی فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامرایوب ، ڈسٹرکٹ ممبر لیاقت خان ، ٹائون ناظم نبی گل اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :