29 اپریل کو لاہورمیں مدر آف آل جلسہ کریں گے،عمران خان

دوسری جماعتوں نےبکنےوالوں کےنام ظاہرنہ کیے توخود انکےنام بتا دوںگا،چودھری سرورکواپوزیشن سمیت جوائن کرنیوالے ن لیگی ارکان نے بھی ووٹ دیے،زرداری اورنوازشریف سےکوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ مانچسٹرمیں میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 اپریل 2018 23:33

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 اپریل 2018ء): تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 29 اپریل کو لاہورمیں مدر آف آل جلسہ ہوگا، دوسری جماعتوں نے بکنے والوں کے نام ظاہر نہ کیے توان کے نام بتا دوں گا،چودھری سرورکواپوزیشن سمیت جوائن کرنیوالے ن لیگی ارکان نے بھی ووٹ دیے۔ انہوں نے مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ بکنے والوں کا ہے۔

خریدنے والوں کی ذمہ داری الگ ہے۔عوام کے ووٹ لیکر جنہوں نے خود کونیلام کیا اصل ذمہ دار وہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کے خلاف ایکشن لیا۔ کیا دیگرجماعتیں بھی اپنے ارکان کے ایکشن لیں گی۔ کیا ان میں یہ اخلاقی جرات ہے؟ ہم نےباقی جماعتوں کیلئے موقع پیدا کیا کہ وہ بھی اپنے لوگوں کیخلاف ایکشن لیں۔

(جاری ہے)

دوسری جماعتوں نے اگرایکشن نہ لیا توبتا دوں گا کہ ان کے کون سے لوگ بکے ہیں۔

تمام جماعتوں کے سربراہان کوان بکنے والوں کا علم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ چودھری سرورکواپوزیشن اورہمیں جوائن کرنیوالےاراکین ن لیگ نے بھی ووٹ دیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پہلی بارنہیں پچھلے 30 سال سےبک رہےہیں۔ ایک سینیٹر کیلئے45 کروڑ روپے کی مجھے پیشکش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کو لاہورمیں مدر آف آل جلسہ ہوگا۔ جس میں لوگ ثابت کریں گے کہ وہ قانون کی بالادستی کیلئے کھڑےہیں۔

سائیکل اور رکشا چورکو جیل میں ڈالا جاتا ہے۔ کیوں بڑے لوگوں کوپروٹوکول اورغریب کی تھانے میں چھترول ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت صاف شفاف الیکشن کیلئے ہوتی ہے۔ ساری جماعتوں نے2013ء کے الیکشن میں کہا کہ دھاندلی ہوئی۔ پچھلی بار نگراں حکومت کیلیے دونوں جماعتوں نے مک مکا کیا۔ نگراں حکومت اورالیکشن کمیشن میں کون ہوگا،اس پربھی ان دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت کیا۔ ان دونوں جماعتوں نے 18 ویں ترمیم اور میثاق جمہوریت کے تحت مک مکا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف سے کوئی اتحاد نہیں ہو گا۔