وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جاتی امراء آمد، نواز ،شہباز شریف سے اہم ملاقات

ملکی مجموعی صورتحال، نگران سیٹ اپ،قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس ،آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا گیا

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ، نگران سیٹ اورقومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قیادت کو نگران وزیر اعظم کے معاملے پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ہونے والی ملاقات اور زیر بحث آنے والے ناموں بارے آگاہ کیا ۔ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کے ہفتہ کے روز اجلاس میں زیر بحث آنے والے امور بارے بھی قیادت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ مسلم لیگ(ن) بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔