Anjeer Jannat Ka Phal - Article No. 1228

Anjeer Jannat  Ka Phal

انجیر‘ جنت کا پھل - تحریر نمبر 1228

انجیر میں دیگر تمام پھلوں کے مقابلے میں بہتر غذائیت ہے

جمعہ 12 جنوری 2018

انجیر:
قدرت کی جانب سے پر پھول اور پھل کو پیدا کئے جانے کی خاص مقصدیت اور افادیت ہے، ان ہی پھلوں میں حیرت انگیز فوائد کی مالک”انجیر“ بھی ہے۔ انجیر ایک ایسا پھل ہے جس میں کوئی فاضل جز مثلاََ گٹھلی ، بیج اور چھلکا نہیں ہوتا، اسی وجہ سے اسے جنت کا پھل بھی کہاجاتا ہے کیونکہ مثل ہے کہ جنت کے پھلوں میں بھی کوئی فاضل جز نہیں ہوگا۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ زمین پر انسان کے بعد سب سے پہلا درخت انجیر کا ہی دریافت ہوا تھا۔ موسمی اثرات کے باعث پاکستان میں تازہ انجیر فروخت نہیں ہوتی، اسے لوگوں تک پہنچانے کیلئے خشک اور چپٹاکرنے کے بعد رسی میں پرو کر فروخت کیا جاتا ہے۔ انجیر جسم کو فربہہ اور سڈول بنانے کیساتھ چہرے کا سرخ وسفید رنگت عطاکرتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ قدرتی طور پر قبض کشاہونے کیساتھ نظام انہضام کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے۔

ریشوں سے بھر پور انجیر میں حراروں کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے لہٰذا وزن گھٹانے کے خواہشمند دن میں انجیر کے چار سے پانچ انجیر کھائیں اور نتیجہ دیکھیں۔ خون کے دباؤ کا شکار افراد کے جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی سطح عدم توازن کا شکار رہتی ہے۔ انجیر کا استعمال اس توازن کی بحالی کیلئے مفید ہوتا ہے جبکہ یہ فشار خون کو کم کرسکتی ہے۔ انجیر کے انتہائی معیاری غیر تکسیدی اجزاء جسم سے خون کی نالیوں کیلئے نقصان دہ مادوں کو خارج کردیتے ہیں، علاوہ ازیں یہ اجزاء سرطان سے بچاؤ کا موجب بھی بنتے ہیں،انجیر دیگر تمام پھلوں کے مقابلے میں بہتر غذائیت کی مالک ہے ۔
مثال کے طورپر انجیر انسانی جسم کو روزانہ درکار فولاد کی دو فیصد ضرورت کو پورا کرتی ہے ۔ کیلشیم دانتوں اور ہڈیوں کی غذا ہے جو انجیر میں پائی جاتی ہے انجیر کو چبا کر کھانے سے دانت مضبوط اور طاقتور ہوتے ہیں، علاوہ ازیں انجیر میں پروٹین ، معدنی اجزاء ، گلوکوز اور فاسفورس بھی پائے جاتے ہیں۔ انجیر کھانے سے آنتیں صاف رہتی ہیں، اسے تازہ کھایا جائے یا پھر خشک نظام ہضم کیلئے اس سے بہتر کچھ اور نہیں ۔
روزانہ سونے سے قبل چار یا پانچ انجیر چبا کر یا گرم دودھ میں نرم کرکے کھائیں اسے باقاعدگی سے کھانے سے آنتوں کے افعال بہتر ہوجاتے ہیں۔ انجیر کھانے سے نہ صرف خون کا دباؤ قابو میں رہتا ہے بلکہ جسم میں خون بھی بننے لگتا ہے ۔ موٹاپا برا ہے تو حد سے زیادہ، دُبلی جسامت بھی اچھی نہیں لگتی، کمزور جسم کے مالک افراد انجیر کھانے کی عادت ڈال لیں تو انہیں دُبلے پن سے نجات مل سکتی ہے۔
انجیر سستی کاہلی اور ناتوانی کی دشمن ہے۔ گلے میں خراش او رکھانسی کی کیفیت ہے تو انجیر کو خوب اچھی طرح چبا کر نگلنے سے یہ تکلیف دور ہوجائیگی۔ انجیر بچوں کیلئے نہایت مفید ہے کیونکہ اس میں بعض ایسے ہاضم خمیر ہوتے ہیں جن سے ہاضمے کا نظام قوی ہوجاتا ہے ۔ ہاضمہ درست رہے تو بچوں کی صحت ٹھیک رہتی ہے اور ان کی نشودنما کا عمل بہتری کیساتھ جاری رہتا ہے تو پھر انجیر کے چند دانے روزانہ بھی کھائیں اور اپنے بچوں کو بھی کھلائیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat