Chota Sa Leemun Faiday Baray - Article No. 949

Chota Sa Leemun Faiday Baray

چھوٹا سا لیموں۔۔فائدے بڑے - تحریر نمبر 949

لیموں ہر چند کہ دیکھنے میں چھوٹا ہوتا ہے ، لیکن اس کے فائدے بہت ہیں۔ لیموں کواگرکاٹ کرایک طرف رکھ دیاجائے تو سبب،کیلے اور ناشپاتی کی طرح اس کی رنگت بھی تبدیل ہوجاتی ہے۔

بدھ 1 جون 2016

رضوانہ نقوی:
لیموں ہر چند کہ دیکھنے میں چھوٹا ہوتا ہے ، لیکن اس کے فائدے بہت ہیں۔ لیموں کواگرکاٹ کرایک طرف رکھ دیاجائے تو سبب،کیلے اور ناشپاتی کی طرح اس کی رنگت بھی تبدیل ہوجاتی ہے۔ لیموں کے رس کواگراس کے پسے ہوئے چھلکے کے ساتھ ملایا جائے تو مارملیڈبن جاتا ہے۔
لیموں کے رس کواگر غذاؤں میں ڈالاجائے تو ذائقے میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
لوگ شربت بنانے کے بعد اس میں لیموں کا عرق ملادیتے ہیں، جس سے وہ فرحت بخش ہوجاتا ہے۔ بہت سے افراد کیک، پڈنگ، چاول اور دوسری ڈشیں بنانے کے بعد ذائقے میں اضافے کے لیے ان میں لیموں کے چھلکے کتر ڈال دیتے ہیں۔
لیموں جراثیم کش ہے اورجسم کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتاہے۔ لیموں جگر کو صاف کرتااور بھوک بڑھاتا ہے۔

(جاری ہے)

لیموں کھانے سے وزن کم ہوجاتا ہے۔

اس میں سڑک ایسڈ، کیلسیئم، میگنیزئیم، حیاتین ج (وٹامن سی) بایوفلیوونائڈزاور پیکٹن پائے جاتے ہیں۔ یہ سب چیزیں قوت مدافعت کو بڑھاتی اور تعدیے (انفیکشن) کو دور کرتی ہیں۔
لیموں کا شربت پیاس کو سادے پانی کی نسبت تیزی سے بجھاتا ہے۔ اگر آپ کونزلے زکام کی علامت محسوس ہورہی ہوں تو ہر دوگھنٹے بعد لیموں کا شربت پییں۔ اس میں شامل حیاتین ج ان جراثیم کو ختم کردے گی، جن سے نزلہ زکام ہوجاتا ہے۔

لیموں کا شربت پینے سے خون صاف ہوجاتا ہے۔ یہ ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔ اس سے قبض دور ہوجاتا ہے اور جسم سے فاسد مادے بھی خارج ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لیموں کے مزید فائدے درج ذیل ہیں۔
اگر مسایاگومڑہوجائے:
لیموں کاٹ کر اس کا رس صاف روئی کے ایک ٹکڑے میں جذب کرلیجیے اور پاؤں میں بننے والے مسے یا گومڑپر لگادیجیے۔ یہ عمل چند روز مسلسل کیجیے۔
لیموں میں شامل تیزابیت سے یہ مساگل جائے گااور جلد صاف ہوجائے گی۔
اگر آپ کی کوئی رگ یانسیح سخت ہوگئی ہو اور رتکلیف دے رہی ہوتو لیموں کی پلٹس بناکر متاثر جگہ پر باندھ لیں ، درد جاتا رہے گا۔ اس کے بعد اپنے معالج سے رجوع کیجیے۔ پلٹس بنانے کے لیے لیموں کی قاش کاٹ کرمتاثر جگہ پر رکھیں اور اوپر سے پٹی باندھ لیں۔
چہرے کی صفائی:
لیموں کے رس سے چہرے کی اضافی چکناہٹ بھی دور کی جاسکتی ہے۔
روئی کاایک ٹکڑا لے کراس لیموں کے رس میں ڈبولیں اور سونے سے پیشتر چہرے پرلگائیں۔ صبح اٹھ کرچہرے کو دھوڈالیں۔ اضافی چکنائی ختم ہوجائے گی اور کیل ، مہاسے بھی ختم ہوجائیں گے۔ لیموں کا رس لگانے سے چہرے کی رنگت بھی صاف ہوجاتی ہے۔
دانتوں کو چمکائے:
کھانے والا سوڈا اور لیموں کا رس باہم ملالیں۔ پھر اسے دانتوں پر رگڑیں، لیکن ایک منٹ سے زیادہ نہیں، اس لیے کہ لیموں میں شامل تیزاب قوی ہوتا ہے۔
یہ تیزاب دانتوں کی مینا (ENAMEL) کو ختم کرسکتا ہے۔ ایک منٹ کے بعد برش سے دانتوں کو صاف کرکے کلی کرلیں، دانت صاف ستھرے اور چمک دارہوجائیں گے۔
ہونٹوں کو ملائم بنائے:
اگر آپ کے ہونٹ سردی سے خشک ہوجائیں یا پھٹ جائیں تو رات کو سونے سے پہلے لیموں کا رس ہونٹوں پر لگالیں۔ اس کے بعد صبح بیدار ہونے پر اپنے ہونٹ دھوڈالیے۔ اگر آپ کے ہونٹ کے زیادہ پھٹے ہوئے ہوں گے تو لیموں کا رس لگانے پر جلن ہوگی، لیکن گھبرائیے نہیں، رس لگانے سے ہونٹ ملائم اورچکنے ہوجائیں گے۔

بالوں کی حفاظت:
ایک پیالی پانی میں دو چمچے لیموں کا رس ملائیں اور اس آمیز ے کواپنے سرپر لگائیں۔ اچھی طرح اس آمیزے کی بالوں پر مالش کرنے کے آدھے گھنٹے بعد سردھوڈالیں۔ آپ کے بال ملائم اور چمک دار ہوجائیں گے اور بالوں کی خشکی بھی ختم ہوجائے گی۔
ناخنوں میں چمک کے لیے:
آدھے لیموں کا رس ایک پیالی میں نچوڑ لیں۔ پھر اس میں پانی ملاکر اپنے ہاتھ کے ناخن اس میں ڈبو دیں۔
پانچ منٹ بعد ہاتھ پیالی سے نکال لیں۔ ناخنوں کو لیموں کے چھلکے سے رگڑنے کے بعد دھوڈالیں آپ کے ناخنوں میں چمک پیدا ہوجائے گی۔
بودُور کرے:
اسفنج کاایک ٹکڑالے کراس پر لیموں کا رس لگائیں۔ پھر اسفنج کوریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ ریفریجریٹر کے اندر پھیلی ہوئی بوکویہ اسفنج جذب کرلے گا اور ریفریجریٹر بو سے پاک ہوجائے گا۔
سبزی کاٹنے والے تختے کی صفائی:
روزانہ سبزی کاٹنے سے عام طور پر لکڑی یاسنگ مرمر کا تختہ گندہ ہوجاتا ہے اور دھونے پر مکمل طور پر صاف نہیں ہوپاتا۔
چنانچہ ایک لیموں لے کر اسے بیچ میں سے کاٹ لیں اور کٹے ہوئے ٹکڑے سے تختے کو رگڑ کر صاف کرڈالیں۔ اس کے بعد اسے پانی سے دھوئیں تو تختہ چمک جائے گا۔
دافع حشرات:
باورچی خانے میں عام طور پر چونیٹوں سے ہم سب بہت پریشان رہتے ہیں۔ ایک لیموں درمیان سے کاٹ کر اس کارس دروازے اور کھڑکی کی درزوں پر ٹپکادیجیے۔ اس کے علاوہ فرش کے ایسے سوراخ، جہاں سے چیونٹیاں آتی جاتی ہوں، لیموں کا عرق وہاں بھی ٹپکا دیجیے۔
ساری چیونٹیاں اور کیڑے مکوڑے بھاگ جائیں گے اور باورچی خانہ ان سے پاک ہوجائے گا۔
داغ دھبے دور کرے:
اگر باورچی خانے کے سنگ مرمر کے فرش یا شیلف پر ایسے داغ دھبے لگ جائیں، جو دھونے پر صاف نہ ہورہے ہوں تو ایک لیموں کاٹ کر اس پر نمک لگائیں اور سنگ مرمر کے داغ دھبوں پر خوب رگڑ دیں۔ داغ دھبے نہایت آسانی سے صاف ہوجائیں گے۔
کپڑوں کی صفائی:
کپڑوں پر اگر ایسے داغ دھبے پڑجائیں، جو صاف نہ ہورہے ہوں تو ایک ٹب میں پانی بھر کر اس میں لیموں اور کھانے کا سوڈا ملادیں۔
پھر کپڑوں کو اس ٹب میں ڈبودیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد کپڑوں اور خاص طور پر داغ دھبوں کو رگڑیں۔ یہ سب صاف ہوجائیں گے اور آپ کے کپڑوں میں چمک پیدا ہوجائے گی۔
دھات میں چمک پیدا کرے:
تانبے، پیتل اور اسٹین لیس اسٹیل کی چیزوں اور خاص طور پر برتنوں کی صفائی میں دشواری ہورہی ہوتو لیموں کا عرق نمک ملاکر ان پر لگادیجیے۔ پھر دس منٹ بعد دھوڈالیے۔ سب دھاتی چیزیں جگمگانے لگیں گی۔

Browse More Ghiza Aur Sehat