Coffee Peenay Se Kia Faida Hai - Article No. 1061

Coffee Peenay Se Kia Faida Hai

کافی پینے سے کیا فائدہ ہے - تحریر نمبر 1061

بدھ 18 جنوری 2017

خواجہ خالد ظہیر:
ہمارے معاشرے میں کافی پینا عام ہے ۔ آپ کے گھر بھی کافی پی جاتی ہوگی ۔ ذیل بتایاجارہا ہے کہ کافی کی ابتداکیسے ہوئی ، اس کے فائدے اور نقصانات کیا ہیں ۔
سڑھویں صدی کے آخر میں جب یورپی ممالک میں کافی کو متعارف کرایا گیا تو اس کے بارے میں کئی تنازعات پیدا ہوگئے ۔ بہت سے معتبرمعالجین نے اعلان کردیا کہ کافی بہت تیز زہر ہے ، اس پر فوراََ پابندی لگادی جانی چاہیے ۔
دوسرے معالجین نے کہا کہ کافی پینا بہت فائدہ مند ہے ۔ چنانچہ ہر طرف کافی ہاؤس کھل گئے ۔
کافی دراصل اس وقت زہر بن جاتی ہے ، جب یہ تجربہ گاہوں میں آزمایش کی خاطر جانوروں کو بہت زیادہ مقدار میں دی جائے ۔ چھوٹے بچوں کے جسم میں بھی یہ زہر کی طرح اثر کرتی ہے ، لیکن اگر بالغ افراد سے مناسب مقدار میں پییں تو پھر یہ زہریلی نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)


کافی کے بیجوں میں کیفین نامی ایک جزو پایاجاتا ہے ، جس کی مقدار ایک فیصد ہے ۔

یہ ہمیشہ تیزاب کے ساتھ مل کرمرکب بناتا ہے ۔ بیشترلوگوں کاخیال ہے کہ کافی انسانی جسم پر جو اثر ڈالتی ہے ، وہ اس کیفین کی بدولت ہے، لیکن دراصل کافی کے بیجوں میں اور بھی بہت سے اجزا ہوتے ہیں ، جو انسانی جسم کو متاثر کرتے ہیں ۔
جب کوئی فرد کافی پیتا ہے تو اس کے اندر مندرجہ ذیل اثرات پیداہوتے ہیں ۔ کافی کی خوشبوبھی ہمارے جسم کے مختلف اعضا میں تحریک اور ہیجان پیدا کرتی ہے ۔
دماغ کے اندر خون کی رگیں پھول کرزیادہ چوڑی ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے دماغ میں دوران خون تیز ہوجاتا ہے ، اس طرح دماغی تھکن کافی حد تک دور ہوجاتی ہے اور انسان تازگی محسوس کرنے لگتا ہے ۔
کافی پینے سے حرکت نبض تیز ہوجاتی ہے ، جس کے باعث دل کے اندر تحریک اور ہیجان پیداہونے لگتا ہے ۔ کافی انسانی پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے ، اس طرح کافی پینے والا فرد زیادہ محنت کرنے لگتا ہے ۔
کافی آنتوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کردیتی ہے ، جس سے اجابت میںآ سانی ہوجاتی ہے ۔ کافی معدے کے غدود کوزیادہ فعال بنادیتی ہے ، جس کے باعث وہ زیادہ تیزاب بنانے لگتے ہیں۔ یہ صحت مندافراد کے لیے فائدہ مند ہے ، خصوصاََ کھانے کے فوراََ بعد، لیکن کمزور افراد کے سینے میں جلن پیداہوجاتی ہے ۔ کافی ، خون سے نمک کوباہر نکالنے میں مدد دیتی ہے ۔

کافی دن کے مختلف اوقات میں پینے سے ہمارے جسم پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر صبح کے وقت کافی پینے سے گردوں پر اچھا اثر پڑتا ہے اور جسم کے فاسد مادے باہر نکال پھینکنے میں مدد ملتی ہے ، جورات بھر جمع ہوتے رہتے ہیں ۔ دوپہر کے کھانے کے بعد کافی پینے سے معدے کے غدود پر مثبت اثرات پڑتے ہیں اور ہاضمہ زیادہ بہتر ہوجاتا ہے ۔ شام کے وقت کافی پینے سے پٹھوں پر اچھا اثر پڑتا ہے اور ہماری تھکن دور ہوجاتی ہے ۔ رات کے وقت کافی پینے سے ذہن اور تخیل کوجلا ملتی ہے ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat