Dannt K Dard Sy Nijjat - Article No. 1170

Dannt K Dard Sy Nijjat

دانت کے درد سے نجات پائیں - تحریر نمبر 1170

سمجھ نہیں آتا کہ اس درد سے نجات کیسے حاصل کی جائے

بدھ 18 اکتوبر 2017

دانت کے درد سے نجات پائیں:
دانت کا درد بے حد تکلیف دہ اور بے چین کرنے والا درد ہوتا ہے ۔ اگر یہ ہوجائے تو آپ کو کسی پل چین نہیں لینے دیتا، ایسے میں سمجھ نہیں آتا کہ اس درد سے نجات کیسے حاصل کی جائے۔ بیشتر افراد اپنے چہرے کے سوجے ہوئے حصے پر ہاتھ رکھے ہوئے شاعر کے اس شعر کی عملی تفسیر بنے نظر آتے ہیں کہ آخر اس درد کی دوا کیا؟ تو قارئین یہاں ہم آپ کو دانت کے اس درد دوا کے طور پر چند بے حد آسان اور قدرتی نسخے بتا رہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ فوری طور پر اس اذیت ناک درد سے نجات حاصل کرسکتی ہیں۔

لونگ:لونگ کو دانت کے درد کے لیے اکسیر مانا جاتا ہے۔ اس میں موجود دافع سوزش اور ضد بیکٹیریل خصوصیات درد کو دور کرنے کے لیے بے حد مئوثر ثابت ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اگر آپ کے دانت کا درد ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے تو لونگ کے چند دانے کوٹ کر پاؤڈر بنالیں۔ اس میں چند قطرے زیتون کا تیل شامل کرکے اس پیسٹ کو سوجے ہوئے مسوڑھے یا دکھتے ہوئے دانت پر لگائیں اور چند گھنٹوں تک اسے دانت پر لگا رہنے دیں۔

آپ لونگ کے پیسٹ، اوریگانو آئل اور پانی کی مددسے بہترین ہوم میڈماؤتھ واش تیار کرسکتی ہیں اور پورے سال اسے استعمال کرکے دانتوں کے بیشتر امراض سے نجات حاصل کرسکتی ہیں۔
نمک: نمک خصوصاََ آیوڈین نمک کو تھوڑے سے پانی میں گھول کر متاثرہ حصے پر لگائیں تو یہ انفیکشن سے متاثرہ رگ پر سے دباؤ کو کم کرتا ہے ۔ ایک چٹکی نمک لے کر اسے جس دانت میں درد ہے اس پر لگایا جائے تو فوری آرام آجا تا ہے۔
دانے دار نمک کو ٹوتھ برش پر لگا کر دانتوں پر لگانے سے بھی درد کم ہوجاتا ہے۔ یہ دانتوں کی حساسیت کو بھی کم کرتا ہے اور دانتوں کے خلاکے درمیان پھنسے ہوئے غذا کے ذرات کو بھی نکال باہر کرتا ہے ۔ نیم گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال کر اسے ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کریں تو یہ بھی درد دور کرنے کے لئے کارگر ثابت ہوتا ہے۔
چائے: بلیک ٹی میں شامل اسٹریجنٹ کی خصوصیات دانت کے درد میں کمی لانے میں مئوثر ثابت ہوتی ہیں۔
پیپر منٹ کی چائے چاہے وہ ٹی بیگ کی مدد تیار کی گئی ہو یا پھر پودینے کے تازہ پتے پانی میں اُبال کر ان سے قہوہ تیار کیا گیا ہو دونوں صورتوں میں یہ خوشبودار اور قہوہ دانت کے درد کوعارضی طور پر دور کردیتا ہے۔
پیاز:مسوڑھوں کی تکالیف دانت کے درد اور سوزش میں اگر کچے پیاز کو منہ میں رکھ کر تھوڑی دیر تک چبایا جائے یاد رد والی جگہ پر اسے کچھ دیر کے لئے رکھ دیا جائے تو پیاز میں سے خارج ہونیوالی ضد جراثیم خاصیت درد میں کمی لانے میں مدد دیتی ہے۔ یاد رہے کہ اس کے بعد پودینے کے پانی سے کلی کرلیں یا سونف چبا لیں تاکہ منہ سے آنے والی پیاز کی ناگوار مہک سے محفوظ رہ سکیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat