Gannay Ka Ras - Article No. 983

Gannay Ka Ras

گنے کا رس - تحریر نمبر 983

صحت وتوانائی کے لیے

منگل 2 اگست 2016

شیخ عبدالحمید عابد:
اللہ تعالیٰ نے ہر موسم کو بڑی حکمت کے ساتھ بنایا ہے اور پھر ہر موسم کے مطابق ہمارے لیے نعمتیں بھی پیدا کی ہیں، تاکہ ہم موسموں کی شدت کے مضراثرات سے محفوظ رہیں اور ان کے مثبت اثرات سے لطف اندوز ہوسکیں۔ موسم گرما ہویاسرما، ہر موسم کی مناسبت سے اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے پھل اور سبزیاں پیدا کیں ہیں، جو ہمیں قوت کے ساتھ ساتھ ذائقہ اور صحت بھی فراہم کرتی ہیں۔

موسم گرما میں یوں تو بے شمار پھل اور سبزیاں ہمارے لیے دستیاب ہیں، لیکن شدید گرمی کے دنوں میں ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ ہم زیادہ ٹھنڈی اشیاکھائیں اور پییں۔ ان اشیا میں گنا بھی ایک بڑی نعمت خداوندی ہے۔ چوں کہ گرمی کے دنوں میں ہر شخص گرمی کے مضراثرات سے ضرورمتاثر ہوتا ہے، ایسے میں گنے کا ٹھنڈا رس آب حیات سے کم نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)


گنے کا رس نہ صرف ہمارے جسم میں ٹھنڈک کا احساس پیداکرتا ہے، بلکہ یہ توانائی بھی بخشتا ہے۔

اس میں حیاتین الف، ب اور ج (وٹامنز اے، بی اورسی) کافی مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔ ہر سوگرام گنے کے رس میں 220 حرارے ہوتے ہیں۔
یرقان کے مرض میں گنے کا رس نہایت مفید ٹانک کی حیثیت رکھتا ہے، کیوں کہ یہ نہ صرف مرض کو ختم کرتا ہے، بلکہ مریض میں بڑھتی ہوئی کمزوری کو بھی دور کرتا ہے۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ گنے میں فولاد اور کیلسیئم کی خاصی مقدار ہوتی ہے۔

گناہ نہ صرف پیاس کی شدت کوکم کرتا ہے، بلکہ دل ودماغ کو سکون بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ گنا دانتوں سے چھیل کرکھانے سے دانتوں اور مسوڑوں کی اچھی طرح ورزش بھی ہوجاتی ہے اور یہ ورزش دانتوں کے لیے بے حدضروری ہے۔ اس کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دیہات میں شہروں کی نسبت دانتوں امراض بہت کم ہوتے ہیں۔
گنے کا رس صرف یرقان کے مریضوں کے لیے ہی مفید نہیں ہے، بلکہ یہ ہمارے ہاضمے کا عمل درست رکھنے بھوک بڑھانے اور بیماری کے بعد قوت بحال کرنے میں بے حدمدد گار ثابت ہوتا ہے۔

محنت طلب کام کرنے کے بعد گنے کا ایک گلاس رس پینے سے ساری جسمانی تھکن دور ہوجاتی ہے۔ پیٹ میں اپھار، قبض، ریاح یہاں تک کہ معدے کے زخم دور کرنے میں بھی گنے کا رس مفید قرار دیاگیا ہے۔ چوں کہ گنے کا رس زیادہ پینے سے گردوں کی صفائی ہوجاتی ہے، اس لیے یہ پتھری کے مرض کو دورکرنے میں بھی مفید ہے۔
گنے کے رس میں فارسفوں خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے، جو ہماری ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مفید ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ذہنی کام کرنے والوں کے لیے گنے کا رس بہت فائدہ مند ہے۔ گنے میں کئی مفید صحت نمکیات بھی پائے جاتے ہیں۔
زیادہ پیدل چلنے سے یا زیادہ محنت طلب کام کرنے ہمارے جسم سے پسینا خارج ہوتا ہے۔ اس میں ضروری نمکیات بھی جسم سے خارج ہوجاتے ہیں، جن کی موجودگی صحت کے لیے بھی ضروری ہے۔ ایسی صورت میں گنے کا رس ایک بہترین مشروب ہے، کیوں کہ جو نمکیات ہمارے جسم سے خارج ہوجاتے ہیں، گنے کا رس ان کی کمی کو بڑی حدتک پورا کردیتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat