Khatta Meetha Mazedar Falsa - Article No. 1135

Khatta Meetha Mazedar Falsa

کھٹا میٹھا مزے دار فالسہ - تحریر نمبر 1135

فالسہ گرمیوں کا مفید پھل ہے ۔ یہ دو قسم کا ہوتا ہے ۔ اس کی پہلی قسم شربتی فالسہ اور دوسری شکری فالسہ کہلاتی ہے۔ شربتی فالسہ ابتدا میں ترش اور پکنے کے بعد کھٹ مٹھا ہوجاتا ہے ، جب کہ شکر ی فالسہ ابتدا میں کھٹ مٹھا اور پکنے پر شیریں ہوجاتا ہے۔

بدھ 23 اگست 2017

فالسہ گرمیوں کا مفید پھل ہے ۔ یہ دو قسم کا ہوتا ہے ۔ اس کی پہلی قسم شربتی فالسہ اور دوسری شکری فالسہ کہلاتی ہے۔ شربتی فالسہ ابتدا میں ترش اور پکنے کے بعد کھٹ مٹھا ہوجاتا ہے ، جب کہ شکر ی فالسہ ابتدا میں کھٹ مٹھا اور پکنے پر شیریں ہوجاتا ہے۔
نظامِ ہضم اور موسمِ گرما:
فالسہ ہضم کے نظام کے لیے مفید ہے ۔ یہ معدے اورجگر کو طاقت دیتا ہے۔
شدید گرمی میں اگرقے ہونے لگے یا پیاس سے حلق خشک ہوجائے تو فالسہ کھانا چاہیے، اس سے یہ تمام تکالیف دُور ہوجاتی ہیں۔ فالسہ صفراوی دستوں کو روکتا اورپیاس بُھجاتا ہے۔ اگر پیشاب میں سوزش ہوتو فالسے کھانے سے ختم ہوجاتی ہے۔
ذیابیطس:
آج کل ذیابیطس کا مرض عام ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

امیرطبقے سے لے کر متوسط اور غریب طبقے کے افراد بھی اس مرض میں مبتلا پائے جاتے ہیں۔

ذیابیطس کو قابو میں کرنے کے لیے شکری فالسے کے پیڑ کی چھال فائدہ مند ہے۔ یہ چھال 50 سے 60 گرام کی مقدار میں لے کر کوٹ لیں۔ کوٹنے کے بعد رات بھر کے لیے اسے پانی میں بھگو دیں۔ صبح پانی نتھار کر پی لیں، چند دنوں میں فائدہ ہوگا۔
فالسے کا شربت:
بعض افراد فالسے کی کھٹاس کی وجہ سے اسے کھانے سے گریز کرتے ہیں۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ فالسے کا شربت پییں۔
فالسے کا شربت مفید اور مزے دار ہوتا ہے۔ گرمی کے موسم میں فالسے کا شربت کسی نعمت سے کم نہیں۔ خواتین عام طور پر اس کا شربت خود ہی تیار کرلیتی ہیں۔ شربت بنانا آسان ہے اس کا طریقہ یہ کہ فالسوں کو ایک برتن میں ڈال کر کوٹ لیں۔ بیج اگر چاہیں تو نکال دیں یا شامل کرلیں۔ اگر بیج شامل کرلیں تو بہتر ہے، اس لیے کہ بیج بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔ فالسوں کو کوٹنے کے بعد صاف ستھرا پانی ملا کر اس میں شکر بھی شامل کرلیں اور چمچے سے خوب اچھی طرح ملالیں۔
ملانے کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ لیجیے فالسے کا ٹھنڈا اور مزے دار شربت تیار ہے۔ گرمی کے موسم میں اکثر افراد کا دل بہت تیزی سے دھڑکنے لگتا ہے اور انھیں شدید گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے۔ یہ تمام تکالیف فالسے کا شربت پینے سے دور ہوجاتی ہیں۔ یہ شربت دماغ کو طراوت اور دل کو سکون بخشتا ہے۔ اس کے علاوہ پیاس کی شدت ، پیشاب میں سوزش ، معدے کی کم زوری اور سینے کی جلن کو ختم کرتا اور ٹھنڈک پیدا کرتا ہے۔
گرمی کے موسم میں فالسہ کھانا اور اس کا شربت پینا نہ بھولیں۔ یہ بہت مفید پھل ہے۔ فالسہ ہمیشہ پکا ہوا کھانا چاہیے، کچا یا بہت کھٹا فالسہ نقصان دہ ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat