Penut Butter Tasty And Healthy - Article No. 1186

Penut Butter Tasty And Healthy

پی نٹ بٹر ٹیسٹی اینڈ ہیلتھی - تحریر نمبر 1186

پی نٹ بٹر کو باقاعدگی سے اپنی غذا کا حصہ بنالینے سے آپ عارضہ قلب کے خطرے کو نصف کردیتے ہیں دماغ اور اس کی کارکردگی کو بہتر اور افعال بنائے رکھنے میں پی نٹ بھرپور طریقے سے معاونت کرتا ہے یہ دماغی کارکردگی کو تنزلی سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

پیر 4 دسمبر 2017

ریحانہ عرفان:

مزیدار ذائقے اور کریمی ٹیکچر کا حامل پی نٹ بٹر ایک فوڈ پیسٹ یا اسپریڈ ہے جسے بھٹی اور پسی ہوئی مونگ پھلی سے تیار کیا جاتا ہے اس کے ذائقے میں مزید اضافہ کرنے کے لیے اس میں دیگر اجزاء جیسا کہ نمک،سویٹز اور Emulsifier کی شمولیت کی جاتی ہیں۔پی نٹ بٹر سینڈوچ صرف اسکول لنچ باکسز کے لیے نہیں بلکہ یہ درسٹائل اسپریڈ آپ کی صحت کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ہے یہ ابھی حالیہ برسوں میں ہی ہوا ہے کہ پی نٹ بٹر پاکستانی سپر اسٹورز کے شیلفز پر دکھائی دے رہا ہے اور تیزی سے مقبولیت بھی حاصل کرتا جارہا ہے حالانکہ چند سال قبل تک اسے مضر صحت قرار دے کر رد کردیا گیا تھا۔


اگر آپ کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے جو پی نٹ بٹر کے ذائقے کو پسند کرتے ہیں تو آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے پی نٹ بٹر اتنابھی برا نہیں ہے بلکہ اس کے برا ہونے کے بارے میں جتنا بھی ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے یہ اس سے کوسوں دور ہے ،آپ اپنی ویسٹ لائن سے لے کر اپنے دل کی صحت تک پی نٹ بٹر کے بے شمار فوائد شمار کرسکتے ہیں اور جی بھر کر اس کے مزیدار کریمی ذائقے کا لطف اٹھا سکتے ہیں کیونکہ یہ ہمیں صحت کے بیش بہار فوائد پیش کرتاہے جس میں سے چند درج ذیل ہیں۔

(جاری ہے)


وزن کم کرنے اور مسلز بنانے میں معاون:اگر آپ خود کو توانائی سے عاری اور تکان زدہ محسوس کررہے ہیں اور آپ کو اپنے ورک آؤٹ کے لیے مزیدار توانائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے تو پی نٹ بٹر آپ کی اس ضرورت کو بخوبی پورا کرسکتا ہے گوکہ پی نٹ بٹر میں موجود چکنائی (Fat) کی کثیر مقدار اس بات کا اشارہ کرتی ہیں کہ آگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو یہ کوئی بہتر انتخاب نہیں ہے لیکن یہ سوچ حقائق کے بر خلاف ہے تازہ ترین تحقیق سے اس امر کے شواہد ملے ہیں کہ اس میں موجود (Mono unsaturated fat) غیر سیر شدہ چکنائی حقیقتاً وزن کم کرنے کے لیے موثر ہتھیار کے طور پر کام دکھاسکتی ہیں،ریسرچرز کا کہنا ہے کہ غیر سیر شدہ چکنائی وزن کم کرنے کے لیے لو فیٹ ڈائٹ کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر کام دکھاتی ہے۔
علاوہ ازیں سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ پی نٹ بٹر میں موجود پروٹین آپ کو دیر تک سیر شدہ ہونے کا احساس دلاتا ہے جس کی وجہ سے آپ ضرورت سے زائد غذا کھانے سے خود کو بچا سکتے ہیں اس میں موجود پروٹین اور ہیلتھی آئل وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ ذیابیطس سے محفوظ رکھنے میں بھی معاونت کرتے ہیں 600 گرام پی نٹ بٹر اندازاً 2 کھانے کے چمچے اگر ہم روز صبح ناشتے میں لیں تو اس سے ہم تقریباً 2 گرام فائبر اور 8 گرام پروٹین حاصل کرتے ہیں اور ان دونوں کے صحت مند ملاپ سے بھرپور طریقے سے اپنی صبح کا آغاز کرسکتے ہیں۔

اینٹی اکسیڈنٹ صحت کی جنگ کے ہیرو: غذائی اعتبار سے پی نٹ بٹر میں بہت سے اہم غذائی عناصر منرلز اور وٹامنز جیساکہ پوٹاشیم میگنیشیم وٹامن E اور B,6 قلیل مقدار میں آئرن سیلینم اور مینگنینز وغیرہ شامل ہوتے ہیں تحقیق سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پوٹاشیم جسم کے سیال مادوں کو باقاعدہ رکھنے میں معاونت کرتا اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے ۔
پی نٹ بٹر میں موجود یہ تمام صحت بخش غذائی عناصر ہمارے جسم کو صحت مند رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،حالیہ برسوں میں لڑنے والی صحت کی جنگ کے ہیرو اینٹی اکسیڈنٹ ہیں،یہ آزاد اصلیوں (Free Radicals) سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنے اور ان کے اثرات زائل کرنے کے لیے بے حد اہم ہیں جوکہ ہمارے جسم کے ہر حصے کو متاثر کرتے ہیں جیسے کہ ہماری سماعت بصارت اورسب سے بڑھ کر یہ ہماری جلد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
یہ ایک جانی مانی حقیقت ہے کہ متعدد پھلوں اورسبزیوں میں اینٹی اکسیڈنٹ کی اونچی مقدار پائی جاتی ہیں لیکن اگر آپ مزیدار کریمی ذائقے کے حامل اسنیک سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی صحت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں تو پھر آپ پی نٹ بٹر کے مزیدار کریمی ذائقے سے جی بھر کر لطف اندوز ہوسکتے ہیں اوراس سے خود کو درکار اینٹی اکسیڈنٹ کی مطلوبہ مقدار بھی آسانی حاصل کرسکتے ہیں علاوہ ازیں اس مزید ذائقے دار بنانے سے قطع نظر اگر آپ اس کے صحت بخش فوائد سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہتے ہیں تو آپ اسے مختلف سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ ملا کر لے سکتے ہیں مثلاً کیلے کے گول سلائس کاٹ کر پلیٹ میں سجائیں اب ہر سلائس کے اوپر پی نٹ بٹر کے اسپریڈ کریں اور کیلے اور بٹر کے منفرد ذائقے سے لطف اندوز ہوں۔

عارضہ قلب سے بچاؤ۔ بلڈپریشر کو نارمل سطح پر رکھنے میں معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ پی نٹ بٹر کئی دیگر طریقوں سے بھی دل کی مدد کرسکتا ہے ایک اسٹڈی سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ باقاعدگی سے پی نٹ بٹر کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ عارضہ قلب کو خطرے کو نصف کردیتے ہیں خون کی شریانوں کی سوزش اور ان میں چکنائی کا جم جانا دونوں کا شمار عارضہ قلب کی بنیادی وجوہات میں کیا جاتا ہے اور پی نٹ بٹر ان دونوں کو کم کرنے میں معاونت کرتا ہے۔
برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع کی گئی ایک ریسرچ میں ریسرچرز کا ماننا ہے کہ وہ افراد جو چار ہفتے باقاعدگی سے مختلف نٹس یا پی نٹ بٹر کو اپنے غذائی معمول میں شامل رکھتے ہیں یہ نسبت ان افراد کے جو انہیں شاذ و نادر ہی اپنی غذائی کا حصہ بناتے ہیں 37 فیصد تک دل کے عوارض کے خطرے سے خود کو دور کرلیتے ہیں۔
دماغی صحت میں بہتری لاتاہے: ہم سب کے لیے دماغ اور اس کی کارکردگی سب سے اہم ہے اس لیے ہم سب کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنی ڈائٹ میں ایسی غذائیں شامل رکھیں جو کہ ہمارے دماغ کی حفاظت کریں۔
اچھی خبر یہ ہے کہ دماغ اور اس کی کارکردگی کو بہتر اور افعال بنائے رکھنے میں پی نٹ بٹرت بھرپور طریقے سے معاونت کرتا ہے اس میں وہ تمام صحت بخش غذائی عناصر اور لازمی وٹامنز بھرپور طریقے سے موجود ہیں ہمارے دماغ کو صحتمندرہنے کے لیے جن کی ضرورت ہوتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ اس میں موجود غذائیت بخش عناصر عمر کے ساتھ جڑے دیگر عوارض سے ہمیں محفوظ بناتے اور دماغی کارکردگی کی تنزلی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اوپر دی گئی تمام مثالیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ پی نٹ بٹر ہمارے جسم اور ہماری صحت کو ہر طرح سے فائدہ دے سکتا ہے،سو اگر آپ کے فریج میں پی نٹ بٹر کا بھر ا ہوا جار موجود ہیں اور آپ اپنے خوف کی وجہ سے اسے بے حد قلیل مقدار میں استعمال کررہی ہیں تو اب آپ کو مزید خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہاں لیکن یہ یاد رہے کہ کسی بھی چیز کی زیادتی نقصان پہنچاتی ہیں،اس لیے صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہونے کے باوجود اس کا استعمال اعتدل میں رہ کر کریں تو بہتر ہیں۔پی نٹ بٹر کو کئی طریقوں سے ہم اپنی غذا میں شامل کرسکتے ہیں آپ چاہیں تو اسے اسپریڈ کے طور پر ٹوسٹ یا کریکرز پر لگائیں یا پھر اس کی مدد سے بے حد مزیدار کپ کیک،کینڈی بارز،گرنیولا بارز تیار کرکے اس کے مزیدار کرنچی اور چکنی ذائقے سے لطف اندوز ہوں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat