Garma Sehat Ka Muhafiz - Article No. 1353

Garma Sehat Ka Muhafiz

گرما ، صحت کا محافظ - تحریر نمبر 1353

گرما کھانے کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ گرمی اور خشکی کی وجہ سے لاحق ہونے والے امراض دور ہوجاتے ہیں ۔اس طرح یہ امراضِ قلب کی ایک مسلّمہ دوا اور غذا ہے

ہفتہ 25 اگست 2018

حکیم محمد طارق محمود چغتائی
گرما ایک معروف پھل ہے ۔یہ کابل کی مشہور سوغات ہے ۔کوئٹہ میں خصوصاََ اور پورے ملک میں عموماََ کھایاجاتا ہے ۔گرما کھانے کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ گرمی اور خشکی کی وجہ سے لاحق ہونے والے امراض دور ہوجاتے ہیں ۔اس طرح یہ امراضِ قلب کی ایک مسلّمہ دوا اور غذا ہے ۔ہائی بلڈ پریشر کی تکلیف ہو تو گر ما ضرور کھا ئیے۔

ایک صاحب کو خفقان کو عارضہ تھا ۔رات کو کسی وقت بہت زور سے دل دھڑ کتا تھا ۔علاج کے لیے بیرون ملک گئے ،مگر افاقہ نہ ہوا۔ ذراسی بات بھی ہوتی تو دل بے قابو ہوجاتا ۔ ان کے گلے میں سنگِ یشب کا ٹکڑا لٹکایا اور اسی سنگِ یشب کو عرقِ گلاب اور عرقِ کیوڑہ میں خوب کھرل کرکے گرما کے ساتھ کھلایاگیا ۔ایک ماہ کے بعد وہ بالکل ٹھیک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

سنگِ یشب ایک قسم کا سبز قیمتی پتھر ہے ،جسے اکثر گھس کر اس کا پانی پلاتے یا گلے میں ڈالتے ہیں ۔

شہد اور پانی کی طرح گرما بھی گردے کود ھو دیتا ہے ،بلکہ یہ گردے کو تقویت بھی دیتا ہے ۔اس کے علاوہ گردے کے امراض اور گردے کا زخم ،گردے کا ورم ،خراش اور گردے کی پتھری دور کرنے کے لیے بھی بہت مفید چیز ہے ۔اگر اسے مستقل کھا یا جائے تو گردے کی پتھری بھی خارج ہوجاتی ہے اور مزید نہیں بنتی ۔پیشاپ بند ہویا پیشاپ جلن کے ساتھ یا قطرہ قطرہ آتا ہوتو ایسی صورت میں گرما انتہائی مفید اور موٴثر ہوتا ہے ۔
اس سے وہ امراض بھی ٹھیک ہوجاتے ہیں ،جن میں تیل جیسا پیشاپ سخت جلن کے ساتھ آتا ہے ۔سوزاک کے مرض میں بھی جب سخت جلن مریض کو بے حال کردیتی ہے تو گرما فائد ہ کرتا ہے ۔سوزاک کے بار بار ہونے یا سوزاک کے ما بعد اثرات ،پیشاپ کی نالی کا زخم، اس کی خراش اور پیشاپ کے بعد سوزا کی مادّے کا نکلنا ،یہ تمام علامات گرما کھانے سے ختم ہوجاتی ہیں ۔جولوگ قدرتی نیند سے محروم ہیں ،انھیں مسلسل گرما کھانا چا ہیے ۔
آنکھوں کے گرد حلقے چہرے کے حسن کو ماند کردیتے ہیں ،ایسی تکلیف میں گرما بہت مفید غذا اور دوا ثابت ہوتا ہے ۔جس طرح یرقان کے مریض کے لیے شہد کا شربت بہت مفید ثابت ہوتا ہے ،اسی طرح گرما یرقان اور یرقان کے مابعد اثرات دُور کرنے کے لیے مفید ہوتا ہے ۔اگر یرقان کے بعد منھ کا ذائقہ خراب ہو ،ہر وقت پیاس رہتی ہوتو ایسی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے گرما اکیسر ثابت ہوتا ہے ۔
اس کے علاوہ جگر کا ورم ،جگر کی کم زوری اور جگر کے زخم کے خاتمے کے لیے گرما مفیدپھل ہے ۔اس کا روزانہ کھانا ان تمام امراض سے نجات دلاتا ہے ۔آدھے سرکا دردیادر دِ شقیقہ ایک مشہور درد ہے ،اس میں مریض سخت بے چین ہوتا ہے ۔ایسی تمام کیفیت سے چھٹکارے کے لیے بھی گرما ایک مجرّب غذا اور دوا ہے ۔گرما ایسی جِلدی حسّا سیت (الرجی )دور کرنے کے لیے بھی بے حد مفید ہے ،جس میں جِلد سرخ ہوجاتی ہے۔
جسم پر سرخ چکّتے پڑجاتے ہیں ،معمولی کھجانے پر جِلد سرخ ہوجاتی ہے ۔یا دھپڑپڑجاتے ہیں ،گرما حسّا سیت کی ان تمام کیفیات کت خاتمے کت لیے مفید ہے،لیکن انڈا، مرغی،مسالوں اور گوشت وغیرہ سے پرہیز ضروری ہے ۔ایک صاحب بڑی آنت کی سوزش میں مبتلا تھے ۔ماہرین نے انھیں لا علاج قرار دے دیا تھا۔نسخہ اور دوا کے ساتھ جب روزانہ گرماکھلا یا گیا تو ایک ماہ میں ٹھیک ہوگئے ۔
اکثر وبیشتر بازاری اشیا کے کھانے سے آنتوں میں جلن اور سوزش پیدا ہوجاتی ہے ،جس سے سخت خراش اور مروڑ کے ساتھ اجا بتیںآ تی ہیں۔ایسی حالت میں گرما فوراََ سکون پہنچاتا ہے اور پیچش کے اثرات آنتوں سے ختم ہوجاتے ہیں ۔معدے کے زخم کے مریض اگر گرما کھائیں تو بہت مفید ثابت ہوتا ہے ۔یہ بات مشاہد ے سے ثابت ہے کہ گرما جسم میں موجود تمام غیر ضروری اور مضر اجزا کو نکال دیتا ہے ۔کیمیائی کھادوں کے موجود ہ زمانے میں گرما کھا کر کئی امراض سے بچاجاسکتا ہے ۔ گرما گرمی و خشکی دور کر کے دبلے افراد کو موٹا کر سکتا ہے،مگر پھلوں سے علاج کے سلسلے میں یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ مضرِ صحت غذاؤں سے پرہیز بھی بہت ضروری ہے۔

Browse More Healthart