Karway Badam Meethay Faiday - Article No. 1115

Karway Badam Meethay Faiday

کڑوے بادام، میٹھے فائدے - تحریر نمبر 1115

حسن و صحت کے لیے مفید اور آسان تراکیب

پیر 24 جولائی 2017

خشک میوہ جات میں بادام اپنی غذائیت ،مقوی خصوصیات اور ذائقے کے اعتبار سے خاص مقام رکھتا ہے۔اس کی گری سردیوں میں بہت شوق سے کھائی جاتی ہے جبکہ کئی طرح کے پکوانوں میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔کھانے کے علاوہ بھی اس کے کئی فائدے ہیں ۔اطبا صدیوں سے بادام کی عام طور پر دو اقسام ہیں۔بادام شیریں اور بادام تلخ جسے ہم کڑوے بادام کے نام سے جانتے ہیں۔
کڑوے بادام میں ایک طرح کو خوردنی زہر ہوتا ہے ،اس لئے اسے کھانے سے گریز کرنا چاہیے،البتہ حسن وصحت کے لیے اس کے فائدے اتنے میٹھے ہیں کہ ان سے استفادہ نہ اٹھانا کفران نعمت ہوگا۔آج ہم آپ کو کڑوے بادام کے ایسے ہی کچھ فوائد بتائیں گے۔
ایگزیما کاعلاج:
ایگزیما یا داد چنبل ایسا جلدی مسئلہ ہے جس کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ پھیلنے لگتا ہے۔

(جاری ہے)

کڑوے بادام ایگزیما کے علاج میں موثر تصور کیے جاتے ہیں۔ایگزیما سے نجات کے لیے چند کڑوے بادام لے کر انہیں پیس لیں۔اس میں تھوڑا سا پانی ملا کر گاڑھا پیسٹ تیار کرلیں اور متاثرہ جگہ پر لگائیں کچھ دن کے استعمال سے واضح فرق دکھائی دے گا۔
کیل مہاسوں سے نجات:
کیل مہاسے یعنی ایکنی نوجوان لڑکے ،لڑکیوں کا ایک عام مسئلہ ہے۔
کیل مہاسوں پر قابو پانے کے لیے کڑوے بادام پیس کر دودھ میں ملا کر لگائیں۔اس سے ناصرف جلد ایکنی سے محفوظ رہے گی بلکہ اس کی قدرتی نمی بھی برقرار رہے گی۔
جلد کی شادابی:
پسے ہوئے کڑوے بادام یا کڑوے بادام کا روغن ہم وزن بالائی اور گلاب کی پسی ہوئی پتیوں میں ملا کر ہرروز چہرے پر لگایا جائے تو یہ حسن دوبالا کردیتا ہے۔
اس کے متواتر استعمال سے جلد بالکل صاف و شفاف ہوجاتی ہے اورچہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں،کیل مہاسوں کے علاوہ جلد کی خشکی سے بھی نجات مل جاتی ہے۔جلد تروتازہ اور شاداب ہوجاتی ہے۔
چشمہ کے نشان مٹانا:
جولوگ نظر کے چشمے کا استعمال کرتے ہیں،ان کی ناک پر چشمے کی رگڑ سے سیاہی مائل نشان بن جاتے ہیں ۔یہ نشانات مٹانے کے لیے کڑوے بادام کا تیل ہم وزن ناریل کے تیل میں ملا کر ناک کے نشانات پر مالش کریں۔
کچھ ہی دنوں میں نشان بالکل صاف ہوجائیں گے۔
جھریوں سے چھٹکارہ:
جلد کی رعنائی عمر کے ساتھ ساتھ ماند پڑنے لگتی ہے۔باریک لکیروں اور جھریوں کی آمد چہرے کی ساری خوبصورتی گہنا دیتی ہے۔اگرچہ بڑھتی عمر کے اثرات کو یکسر ختم کرنا تو ممکن نہیں لیکن ان کی رفتار ضرور کم کی جاسکتی ہے۔جھریوں سے نجات کے لیے روز انہرات کے سوتے وقت کڑوے بادام روغن کی مالش چہرے پر نیچے سے اوپر کی طرف کریں،رخساروں پر گول دائرہ کی شکل میں مساج کریں دس سے پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو کر صاف تولیے کی مدد سے صاف کرلیں۔
اگر ہوسکے تو ہاتھ منہ دھونے کے لیے پانی میں چند قطرے لیموں کے عرق ڈال لیں۔ایک ماہ کے لگاتار استعمال سے آپ کے چہرے سے باریک لکیریں غائب ہوجائیں گی اور آپ کی جلد نرم وملائم اور شاداب نظر آئے گی۔
جلد کے داغ دھبوں سے نجات:
کڑوے بادام جلد کے داغ دھبوں کو ختم کرنے کیلئے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔اس مقصد کیلئے چند کڑوے بادام لے کر انہیں پیس لیں ان میں تھوڑا سا پانی اور کریم بھی ملائیں آمیزہ تیار ہونے پر اسے متاثرہ حصوں پر لگائیں۔

ہونٹوں کی رنگت بحال کرنا:
ہونٹوں کی رنگت مختلف وجوہات کی وجہ سے خراب ہوسکتی ہے۔ناقص غذا،غیر معیاری کاسمیٹکس کا استعمال،موسم کی شدت چند ایک وجوہات میں سے ہیں۔گہری رنگت کے حامل ہونٹوں پر بادام اور ناریل کا تیل برابر مقدار میں ملا کر لگایا جائے تو ان کی رنگت بحال ہو جاتی ہے اور ہونٹ نرم وملائم ہوجاتے ہیں۔
ُپژ مردہ رنگت اور آنکھوں کے گہرے حلقوں کا علاج:
ایک چمچ کھیرے کے رس کو ہم مقدار عرق گلاب ملائیں۔اس میں تین قطرے روغن تلخ بادام اور ایک چوتھائی چمچ ایلوویرا جیل شامل کرکے اچھی طرح یکجان کرلیں۔اس آمیزے کو آنکھوں کے گہرے حلقوں اور چہرے پر لگائیں۔موسم کی شدت سے مرجھا جانے والی رنگت بحال ہوجائیگی۔

Browse More Healthart