Main Angoor Hun - Article No. 1038

Main Angoor Hun

میں انگور ہوں - تحریر نمبر 1038

یوں تو ہر پھل ایک نعمت ہے، لیکن اپنے ذائقے جلد ہضم ہونے کی صلاحیت ، اثر اور خوبیوں کی وجہ سے میرا شمار اعلا پھلوں میں ہوتا ہے۔ میں دنیا کے قدیم ترین پھلوں میں سے ہوں۔ میری کئی قسمیں ہیں۔ سب سے اچھی قسم بیدانہ کہلاتی ہے۔

بدھ 23 نومبر 2016

یوں تو ہر پھل ایک نعمت ہے، لیکن اپنے ذائقے جلد ہضم ہونے کی صلاحیت ، اثر اور خوبیوں کی وجہ سے میرا شمار اعلا پھلوں میں ہوتا ہے۔ میں دنیا کے قدیم ترین پھلوں میں سے ہوں۔ میری کئی قسمیں ہیں۔ سب سے اچھی قسم بیدانہ کہلاتی ہے۔ یہی خشک ہوجائے تو کشمش بن جاتی ہے اور بڑے انگور جن میں بیج ہوتے ہیں، خشک ہوکر منقاکہلاتے ہیں۔ ماہرین غذائیات اور معالجین کی رائے میں مجھ میں جسم کو خراب مادوں سے صاف کرنے کی بہت صلاحیت پائی جاتی ہے،یعنی مجھے کھانے سے عمدہ سرخ خون بنتا ہے ۔
مجھ میں انگوری شکر چوں کہ خوب ہوتی ہے ، اس لیے یہ فوراََ خون میں جذب ہوکر طاقت فراہم کرتی ہے۔ اتنا میٹھا پھل ہوتے ہوئے بھی میری مٹھاس آم کی طرح جسم کی گرمی میں اضافہ نہیں کرتی ۔ میں صرف آنتوں ہی کے لیے نہیں، بلکہ گردوں کے لیے بھی بہت مفید ہوں۔

(جاری ہے)

میرے کھانے سے پیشاب خوب آتا ہے اور پتھریاں وغیرہ بھی نکل جاتی ہیں۔
بچے مجھے جلد ہضم کرلیتے ہیں، اس لیے بچوں اور کمزور افراد کے لیے بہترین غذا ثابت ہوتا ہوں۔

مجھ میں کیلسیئم بھی کافی مقدار میں ہوتا ہے۔ اس کے جذب ہونے سے دانت اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ میری ایک قسم سیاہ ہے۔ اسے اس رنگت کی وجہ سے حبشی انگور بھی کہتے ہیں۔ اس میں مٹھاس تو کم ہوتی ہے لیکن فولاد زیادہ ہوتا ہے ۔ بالغ افراد روزانہ ایک پاؤ انگور کھاسکتے ہیں۔ سخت محنت کرنے والے اس سے بھی زیادہ کھاسکتے ہیں۔ میرے کھانے کا بہترین وقت کھانا کھانے کے بعد ہوتا ہے ۔
اس سے غذا بھی اچھی طرح ہضم ہوتی اور نیا خون بنتا ہے ۔ گھبراہٹ اور دل کی کمزوری دورکرنے کے لیے معالجین مجھے گلاب کے عرق میں رات کو بھگو کر صبح ایک ایک دانہ خوب چبا کر کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔
100گرام انگوروں میں یہ صحت بخش اجزا ہوتے ہیں، حیاتین الف (وٹامن اے ) 80 بین الاقوامی یونٹ، حیاتین ب (وٹامن بی ) 60ملی گرام ، رائبوں فلاون ، 40 ملی گرام نایاسن 20ملی گرام حیاتین ج (وٹامن سی 4ملی گرام لحمیات (پروٹینز ) 41ء ملی گرام نشاستہ 4ء 1ملی گرام ، کیلسیئم 71ملی گرام فولاد، 60ملی گرام ، فاسفورس 21ملی گرام اور حرارے (کیلوریز ) 70۔

جوبچے اور بڑے افراد وزن میں اضافہ ، طاقت اور دماغ ونظر کی قوت بڑھانا چاہتے ہوں، ان کے لیے کشمش اور بادام کھانابہت مفید ہوتا ہے ۔ اس کے لیے عمدہ قسم کی کشمش 12گرام اور چھلے ہوئے میٹھے بادام پانی میں بھگو کر صبح خوب چبا کر کھانے چاہییں ۔ جن لوگوں کی آنتیں سست رہتی ہیں، انہیں پندرہ سے بیس منقے بیج نکال کرسوتے وقت چبا کرکھانے چاہییں۔ ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ منقے رات کو ایک گلاس پانی میں بھگودیے جائیں اور صبح بیج نکال کے انھیں کھا کر اوپر سے پانی پی لیاجائے ۔ اس سے قبض کی شکایت دور ہوتی ہے اور طاقت میں اضافہ بھی ہوتا ہے ۔

Browse More Healthart