کوئٹہ، بم دھماکے کے وقت ہسپتال میں ڈاکٹروں و دیگر عملے کی غیر حاضری و ادویات کی عدم دستیابی، زخمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

ہفتہ 28 اکتوبر 2006 21:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر۔2006ء) صوبائی دار الحکومت کوئٹہ میں ہفتے کی شام ہونے والے بم دھماکے کے بعد جب زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا تو ہسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی غیر حاضری اور ادویات و دیگر ایمر جنسی طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث زخمیوں کو طبی امداد پہنچانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دھماکے کے بعد فوری طور پر سول ہسپتال میں شعبہ حادثات انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا کہ وہ زخمیوں کیلئے ہنگامی حالت میں سہولیات کا انتظام کریں تاہم جونہی زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تو ہسپتال میں نہ تو شعبہ حادثات کا عملہ حاضر تھا اور نہ ہی ڈاکٹر حاضر تھے جبکہ ہسپتال میں ادویات کی سخت قلت محسوس کی گئی اور دیگر طبی سہولتوں کا بھی فقدان تھا جس کے باعث زخمی سخت تکلیف اور مشکل میں مبتلا تھا اور ہسپتال میں زخمیوں کی چیخ و پکار کافی دیر تک جاری رہی شعبہ حادثات میں ایک معمولی سرنج بھی دستیاب نہ تھااور ہر چیز زخمیوں کے رشتہ داروں کو باہر سے لانا پڑتا تھا جس کے باعث زخمیوں کو طبی امداد دینے میں کافی وقت لگا اور مریض آدھے گھنٹے سے زائد شعبہ حادثات میں بغیر علاج اور طبی امداد کے پڑے رہے کافی وقت گزرنے کے بعد اور پولیس حکام کی جانب سے بار بار ڈاکٹروں اور ہسپتا ل انتظامیہ کو اطلاع دینے کے بعد ڈاکٹر اور دیگر عملہ شعبہ حادثات پہنچاتاہم اس دوران کافی وقت گز ر چکا تھا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں عام حالات میں بھی طبی سہولتوں کا سخت فقدان ہے جبکہ عملہ بھی اکثر اوقات غیر حاضر رہتا ہے ادویات ناپید ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں سول ہسپتال میں ادویات اور دیگر ایمر جنسی طبی سہولتیں نا پید ہوتی ہے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اور صوبائی محکمہ صحت سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹروں اور عملے کی غیر حاضری ،غیر ذمہ داری اور وہاں ادویات و دیگر ایمرجنسی طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔