عوام کا جینا مزید مشکل ہوگیا، تاجروں سمیت حقوق سے محروم طبقوں کے ساتھ ہیں، پرویزالٰہی

جمعہ 3 جولائی 2009 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جولائی ۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پر ویز الٰہی نے کہا ہے کہ پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے پیدا شدہ مہنگائی کی نئی لہرکے باعث کاروبارفیکٹریا ں بند ہونے سے لوگوں کا جینا مزید مشکل ہوجائیگاباالخصوص تاجر اور محنت کش بُری طرح متاثر ہوں گے۔ اتحادی حکمرانوں کی پالیسیاں ریلیف کی بجائے تکلیف کا باعث ہیں لوگوں کا احساس محرومی پہلے ہی بڑھ رہا ہے خاص طور پر جنوبی پنجاب کے ساتھ موجودہ حکومت کا رویہ نہایت افسوسناک ہے جنوبی پنجاب ہویا بلوچستان، تاجرہوں یاکسان، محنت کش ہوں یا ملازمین، ملک بھرمیں جہاں اور جس شعبہ میں بھی حقوق کی محرومی کا معاملہ ہو گا ہم محروم طبقہ کا ساتھ دیں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر تاجروں کے وفد اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹر کامل علی آغا، میاں منیر احمد، حاجی محمدحنیف، شیخ عمر حیات بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے تاجر وں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ہر شعبہ زندگی کے مسائل و مشکلات سے چشم پوشی ترک کر دیں اور اپنی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سے ان کے مسائل بڑھانے کی بجائے ان کے مطالبات پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دور میں بجلی پیدا کرنے کی استعداد 17 ہزار میگاواٹ تھی اور 1500 میگاواٹ بجلی فالتو تھی اگر حکومت تیل کمپنیوں کو ادائیگی کر تی تو لوڈشیڈنگ سے جان چھوٹ سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو نظرانداز کرتے ہوئے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لوگ قیمتوں کو اپنے پرانے دور کی سطح پر لانے کے دعوے کرنے والوں کو ڈھونڈ رہے ہیں لیکن وہ اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے نت نئے ہتھکنڈے ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے دور میں 117ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جنوبی پنجاب میں فراہم کئے گئے اس طرح جنوبی پنجاب میں دیگر تمام حکومتوں کے مجموعی فنڈز سے زیادہ خرچ کیا گیا۔ رحیم یار خان میں کارڈیالوجی سنٹر بنایا گیا لاہور کی طرح 1122کی سہولت ملتان بہاولپور رحیم یار خان میں فراہم کی۔ موجودہ حکومت کے جنوبی پنجاب کیلئے مختص کردہ ترقیاتی فنڈز زکواة فنڈز سے بھی کم ہیں جنوبی پنجاب کے لوگ اس وقت مشکلات کا شکار ہیں ان کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے میں نے اسمبلی میں رحیم یار خان کی سیٹ اپنے پاس رکھی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری واحدحکومت تھی جس نے پسماندہ علاقے میں بچیوں کی تعلیم کیلئے بلاامتیاز ماہانہ وظیفہ شروع کیا۔