ڈینگو وائرس کیخلاف تمام ضروری اقدامات کرلئے ہیں،نصیر خان،مرض سے نمٹنے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں،صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے،وفاقی وزیر صحت کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 31 اکتوبر 2006 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2006ء) وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ملک میں ڈینگو فیور کے مرض سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں جن کے بعد حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ وہ منگل کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ڈینگو فیور کے مریضوں کی عیادت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں صحت کی بنیادی سہولیات کی بلا تفریق فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کا رلارہی ہے جس کے تحت دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور گزشتہ تین سالوں کے دوران صرف صحت کے بجٹ کو تین گنا بڑھا دیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں نے بھی وفاقی حکومت کی پیروی کرتے ہوئے مذکورہ اقدامات کئے ہیں جس کے باعث عام آدمی کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ڈینگو فیور کے مرض سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں جس کے لئے تمام ضلعی حکومتیں اپنے علاقوں میں جراثیم کش سپرے بھی کروا رہی ہیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے تاکہ اس مرض کے مزید پھیلنے کا تدارک کیا جاسکے جبکہ اب تک ملک میں رجسٹرڈ ڈینگو فیور کے مریضوں کو تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جن کے مثبت اثرات برآمد ہورہے ہیں جبکہ وزارت صحت براہ راست ملک میں تمام اقدامات کو مانیٹر کررہی ہے اور اس وقت حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ مذکورہ وزارت اس فیور کے مستقل تدارک کے لئے بھی حکمت عملی تیار کررہی ہے اور توقع ہے کہ بہت جلد اس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہونگے۔