جناح اسپتال کراچی میں پاکستان کا پہلا میڈیکل ٹاور تعمیر کیا جائیگا،ٹاور 12 منزلہ تعمیر ہوگا، 8 ارب 77 کروڑ روپے لاگت آئیگی، میڈیکل ٹاور میں تمام امراض کے علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی، ذرائع

منگل 31 اکتوبر 2006 18:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2006ء) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں پاکستان کا پہلا میڈیکل ٹاور تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے اور منصوبہ کا پی سی ون تیار ہوگیا ہے جسے عنقریب منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو پیش کردیاجائے گا۔ باخبر ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ ملک کا پہلا میڈیکل ٹاور 12 منزلہ تعمیر ہوگا جس پر 8 ارب 77 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ چار سال میں مکمل ہوگا۔

منصوبے کا مقصد کراچی میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات پوری کرنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ منصوبہ جناح اسپتال کی مرکزی بلڈنگ کے پچھلے حصہ اور سندھ میڈیکل کالج کے قریب تعمیر ہوگا جس میں ایک آڈیٹوریم بھی ہوگا۔ اس میڈیکل ٹاور میں تمام امراض کے علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی اور مریض کو کسی دوسرے اسپتال منتقل نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکریٹری صحت انور محمود بدھ کو کراچی پہنچیں گے جہاں وہ جناح اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشہود عالم سے ملاقات کرکے اس منصوبے کو حتمی شکل دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکریٹری صحت اس منصوبے کا پی سی ون اپنے ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں گے جہاں وفاقی کابینہ اپنے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دے گی جس کے بعد منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا۔