ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ‘وزارت صحت خاموش،انگریزی ادویات کی دیکھا دیکھی دیسی ادویات نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کر دیئے‘مریض پریشان، ملٹی نیشنل ادویات ساز کمپنیوں نے مرحلہ وار ادویات کی قیمتوں میں خاموشی سے اضافہ کا سلسلہ شروع کر دیا

پیر 3 اگست 2009 13:45

کوٹ ادو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔03اگست 2009 ء) ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ‘ ملٹی نیشنل ادویات ساز کمپنیوں نے مرحلہ وار ادویات کی قیمتوں میں خاموشی سے اضافہ کا سلسلہ شروع کر دیا- وزارت صحت کی کھلی چھٹی-خام مال پر ڈیوٹی کی کمی کا فائدہ عوام کی بجائے خود سمیٹنا شروع کر دیا-یرقان کی ادویات بھی مہنگی کر دی گئیں انگریزی ادویات کی دیکھا دیکھی دیسی ادویات نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کر دیئے-ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے لاکھوں ادویات استعمال کرنے والے مریض پریشان- تفصیل کے مطابق ادویات ساز کمپنیوں نے وزارت صحت کی طرف سے ملنے والی کھلی چھٹی کے باعث ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کا مرحلہ وار خاموشی سے سلسلہ شروع کر رکھا ہے گزشتہ ایک سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں چار بار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے حکومت نے بجٹ کے موقع پر ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا تھا مگر کمی کا فائدہ عوام کی بجائے کمپنیوں نے خود اٹھانا شروع کر دیا ہے اور ادویات کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کو محسوس نہ ہو سکے اور حکومت کی ساکھ بھی برقرار رہے جبکہ یرقان میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے-انگریزی ادویات کی دیکھا دیکھی ہمدرد اور قرشی دیسی ادویات ساز اداروں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کر دیئے ہیں اور انہوں نے بھی دیسی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ شروع کر دیا ہے وگورین چلڈرن شربت 35 سے 40 روپے- کالک شربت ڈراپس 26 روپے سے 30 روپے کر دیا گیا ہے -ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ پر وزارت صحت خاموش ہے اور انہوں نے کمپنیوں کو اضافہ کی کھلی چھٹی دے دی ہے جس کی وجہ سے ان ادویات کو استعمال کرنے والے لاکھوں مریض سخت اذیت سے دوچار ہیں اورادویات ان کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں -وزیر صحت اعجاز حسین جاکھرانی نے بھی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر کوئی نوٹس نہیں لیا ہے واضح رہے پاکستان میں ادویات کا کاروبار منافع بخش بن گیا ہے-