ڈینگی وائرس سے سندھ سب سے زیادہ متاثرہوا ہے،پنجاب میں اسکے شبہ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اکیانوے تک پہنچ گئی

بدھ 1 نومبر 2006 15:49

ڈینگی وائرس سے سندھ سب سے زیادہ متاثرہوا ہے،پنجاب میں اسکے شبہ میں ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01انومبر2006 ) ڈینگی وائرس کے حوالے سے صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے شبہ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اکیانوے تک پہنچ گئی ہے ، جن میں سے صرف سات اب تک مثبت نکلے ہیں ۔ اس وقت تک ڈینگی کے حوالے سے سب سے زیادہ خراب صورتحال سندھ کے علاقوں کی ہے ۔جہاں شرح اموات ایک اعشاریہ پانچ فیصد ہے ۔

(جاری ہے)

این ای ایچ میں پبلک ہیلتھ لیبارٹری کے چیف ڈاکٹر برجیس مظہر قاضی نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی اب تک چوراسی کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے اکتالیس کیس مثبت نکلے ہیں جبکہ راولپنڈی کے ایک سو انہتر کیسز میں سے پچپن مثبت آئے ہیں ۔ اس کے علاوہ صوبہ سرحد اور بلوچستان میں بھی کچھ کیسز سامنے آئے ہیں لیکن ابھی ان کی تصدیق ہونا باقی ہے ۔ ڈاکٹر برجیس نے کہا کہ ملک بھر کے علاقوں میں ڈینگی وائرس کے کیسز سامنے آنے کی بڑی وجہ عیدکی چھٹیوں میں لوگوں کی بڑی تعداد میں دوسرے علاقوں میں کی گئی نقل و حرکت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا کردار مثبت طریقے سے ادا کریں اور فوری اقدامات کریں ۔ اس کے علاوہ عوام بھی اپنے ارد گرد صفائی کا خیال رکھیں تاکہ اس پر مکمل قابو پا یا جا سکے

متعلقہ عنوان :