حکومت محروم طبقوں کوبااختیاربنانے کیلئے پرعزم ہے ،آصف زرداری

پیر 10 اگست 2009 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2009ء) صدر آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کیلئے خصوصی کارڈز سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے اسے معذور افراد کی ضروریات پورا کرنے کیلئے حکومت کا دور رس اقدام قرار دیا ہے ۔ صدر مملکت کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے پیر کو منعقدہ تقریب کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلابی اقدام سے معذور افراد ملازمتوں اور پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں 2، 2 فیصد مختص کوٹہ، ریل، روڈ اور ہوائی جہاز کے کرایوں میں 50 فیصد کی رعایت، انشورنس کے تحفظ اور بینکوں سے چھوٹے پیمانے پر قرضوں سے استفادہ کر سکیں گے ۔

اس کے علاوہ کارڈ ہولڈرز مصنوعی اعضاء کی فراہمی اور پبلک مقامات پر ترجیحی برتاوٴ کے بھی مستحق ہوں گے ۔ صدر نے معذور افراد کیلئے گاڑیوں کی ڈیوٹی فری درآمد، معذور افراد کی خصوصی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے عمارتی ضابطوں میں فوری ترمیم، سڑکوں پر وہیل چیئرز کی رسائی اور معذور افراد کیلئے لازمی طور پر خصوصی پارکنگ جگہ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ خواتین سمیت معاشرے کے کمزور طبقوں کو بااختیار بنانے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈز کی طرح خصوصی کارڈز سکیم خصوصی طریقوں سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کیلئے وضع کی گئی ہے ۔ صدر نے اس موقع پر شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے اجراء کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نادرا کو ہدایت کی کہ ہر اہل شہری کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ایک سال کے اندر فراہم ہونے کو یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کریں اور کوئی بھی اس بنیادی دستاویز سے محروم نہ رہے ۔ صدر نے نادرا کو یہ بھی ہدایت کی کہ خصوصی افراد کے اعداد و شمار جمع کرنے کیلئے ہر ضلع میں معذور افراد کے خصوصی سروے کا بھی انعقاد کرے ۔