جاپان، 12 سومو پہلوانوں میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق ہو گئی

جمعہ 21 اگست 2009 14:28

جاپان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست ۔2009ء)جاپان میں ہونے والے سومو ریسلنگ ٹورنامنٹ میں شامل 12 پہلوانوں میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق ہو گئی جبکہ اس سے قبل بھی بیس بال اور باسکٹ بال کے کئی کھلاڑیوں کو یہ مرض لاحق ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

سومو ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق سومو ٹورنامنٹ کے 6 پہلوان جو کہ ٹوکیو کے رہائشی ہیں میں سوائن فلو وائرس پایا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی 6 کھلاڑیوں میں اس مرض کی تشخیص ہو چکی ہے۔

سومو ٹورنامنٹ کے پہلوانوں نے اس مرض کی تصدیق کے باوجود بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اس مرض کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سومو پہلوانوں کو سرجیکل ماسک پہننے اور تماشائیوں سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سومو اکھاڑے میں داخل ہونے والے شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے قبل ہاتھوں کوجراثیم سے پاک بنانا ہوگا۔