آئی سی سی کا شعیب اختر اور محمد آصف کی سزا پر اطمینان کا اظہار‘ثابت ہو گیا ہے کہ کرکٹ میں ادویات کا استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔صدر آئی سی سی

جمعرات 2 نومبر 2006 16:16

لاہور+چندی گڑھ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین02انومبر2006 ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے فاسٹ باؤلروں شعیب اختر اور محمد آصف کو ممنوعہ ادویات استعمال کرنے پر سنائی جانے والی سزا پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں ادویات کے استعمال کو ہر گزبرداشت نہیں کیا جائے گا اور دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بھی جلد از جلد اپنے کھلاڑیوں کے ٹیسٹوں کے لیے یہی طریقہ کار اختیار کریں-آئی سی سی کے صدر پرسی سان کی طرف سے چندی گڑھ سے ای میل پر این این آئی کو موصول ہونے والے بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی ڈوپنگ کمیشن نے قابل قدر کام کیا ہے یہ اچھا فیصلہ ہے جسے پیشہ ورانہ انداز میں لکھا گیا اور اس فیصلے میں آئی سی سی کے رہنما اصولوں کو مد نظر رکھا گیا ہے آئی سی سی کے نقطہ نظر سے یہ ایک اطمینان بخش فیصلہ ہے- برسی سان نے کہاکہ اگرچہ اس فیصلے سے دو اہم کرکٹرز کا کیرئر متاثر ہوا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ کرکٹ میں ادویات کے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا-یہی نظریہ 2002ء سے آئی سی سی نے اپنا رکھا ہے اور اس سلسلے میں جولائی میں عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کا طریقہ کار اختیار کیا گیا انہوں نے کہاکہ پی سی بی نے انتہائی بہتر انداز میں اس معاملے پر فعال انداز میں کاروائی کی ہے اور اس سے پی سی بی کے عزم کا اندازہ ہوتا ہے-انہوں نے کہاکہ میں آئی سی سی کے تمام رکن ملکوں پر زور دیتا ہوں کہ اب تک انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نہیں کرائے تو فوری طور پر مطلوبہ طریقہ کار اختیار کریں اور کرکٹ کو ادویات سے پاک رکھنے کے عزم کا اظہار کریں-

متعلقہ عنوان :