فاسٹ بالرز شعیب اختر اور محمد آصف پر ممنوعہ ادویات کی پاداش پر پابندی موضوع بحث بنی رہی

پابندی سے شعیب کا کیرئیر ختم ہو جائیگا ‘ پی سی بی کو ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے سزا کم کر دینی چاہیے ‘خصوصی سروے

جمعرات 2 نومبر 2006 18:43

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین02نومبر2006 ) فاسٹ بالر زشعیب اختر اور محمد آصف پر ممنوعہ ادویات کی پاداش پر پابندی موضوع بحث بنی رہی ۔تفصیلات کے مطابق اینٹی ڈوپنگ کمیشن کی طرف سے شعیب اختر پر دو جبکہ محمد آصف پر ایک سال کی پابندی کے حوالے سے صوبائی دارالحکومت میں ہر عام و خاص نے اس پر بحث کی ۔ خصوصی سروے میں مختلف افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ شعیب اختر پردو سال کی پابندی سے انکا کیرئیر ختم ہو جائے گا ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر جی سی یو شاہد مرزا نے اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر گزشتہ دس سال سے انٹر نیشنل کرکٹ کھیل رہا ہے اور یہ اسکے کیرئیر کے آخری سال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان پر دو سال کی پابندی سے انکا کیرئیر بالکل ختم ہو کر رہ جائے گا ۔

(جاری ہے)

کالج ہذا کے طالبعلم ہاشم خان ‘ بلال‘اکبر ‘ ذیشان ‘ محمد احمد‘ رضوان ‘ارسلان ‘ ذکاء نے کہا کہ پی سی بی اینٹی ڈوپنگ کمیشن نے دونوں کھلاڑیو ں پر سخت پابندی عائد کی ہے جبکہ اسی طرح کے کیس میں آسٹریلوی سپنر شین وارن پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور اپیل کرنے پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پابندی کم کر کے ایک سال کر دی تھی ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فاسٹ بالرز کی طرف سے اپیل کی صورت میں پی سی بی انکی سزا میں کمی کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم میں معیاری فاسٹ بالرز کی کمی کو دور کر دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی غیر موجودگی سے ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کی فاسٹ باؤلنگ لائن کمزور ہو جائے گی اور ورلڈ کپ جیتنے کا خیال نہیں کیا جاسکتا ۔