ٹریفک حادثات کے شکار مریضوں کی فوری طبی امداد کیلئے ملک بھر میں ایمر جنسی سنٹر قائم کرینگے ‘ ابرار الحق

بدھ 2 ستمبر 2009 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔2ستمبر۔2009ء) سہارا فار لائف ٹرسٹ کے چیئرمین اور معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے ہزاروں لوگ محض اس لئے ہلاک ہو جاتے ہیں کہ انہیں بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہارا فار لائف ٹرسٹ ایسے مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے ملک بھر کے شہروں کے اہم مقامات پر طبی ایمر جنسی سنٹر قائم کرے گا جبکہ اس طرح کا ایک سنٹر مریدکے میں قائم کر دیا گیا ہے ۔

ابرار الحق نے کہا کہ صغریٰ شفیع ہسپتال میں غریبوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر سال 15کروڑ روپے کے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے جو عوام کی طرف سے دی جانے والی زکوة اور عطیات سے پوری کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر زکوة کی تقسیم کا نظام درست ہو جائے تو ملک بھر سے غربت اور افلاس کا خاتمہ ہو سکتا ہے ۔