پنجاب شوگر ملز پر چھاپے،لاکھوں بوریاں برآمد، عدالت نے موقف سنے بغیر فیصلہ دیا،شوگر ملز ایسوسی ایشن

ہفتہ 5 ستمبر 2009 10:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔05ستمبر 2009 ء) پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے شوگر ملوں کے گودام ایک بار پھر سیل کرنا شروع کردیئے ، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر غور کے لئے آج لاہور میں ہنگامی اجلاس بلالیا۔ حکومت کے دعوے کے باوجود کسی شہر میں چینی چالیس روپے فروخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی شوگر ملوں نے عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق ریٹ پینتالیس روپے سے کم کرکے چھتیس روپے کیا۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت چینی کی تجارت،ریگولیشن اور پیداوار سے متعلقہ حکام اور نمائندوں کا اجلاس بلایا گیا۔ جس میں شوگر ملز مالکان نے شرکت نہیں کی، تاہم ڈیلر اور پرچون فروشوں کے علاوہ صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالت کے فیصلے کے مطابق ہر صورت میں پرچون کی سطح پر چینی چالیس روپے فی کلو گرام فروخت کرائی جائے گی۔

پنجاب کی انتظامیہ نے سردار نصراللہ دریشک کی انڈس ملز راجن پور میں تین لاکھ بوریوں کے علاوہ ہارون اختر خان کی تاندلیانوالہ شوگر ملز اور نوید اے شیخ کی پھالیہ شوگر ملز سمیت دیگر ملوں سے چینی کی کروڑوں بوریا ں سرکاری قبضے میں لے لی گئیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں شوگر ڈیلروں نے بھی نئی قیمت پر فوری نفاذ کی مخالفت کی۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری کارروائی پر احتجاج کے طور پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے مذاکرات سے انکار کردیا اور ہفتے کی دو پہر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ہمارا موقف سنے بغیر فیصلہ سنادیا ،چینی کا معاملہ سیاسی بن چکا ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے موقعے پر کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کا اقدام سمری ٹرائل تھالیکن چینی کا معاملہ سیاسی بن گیا ہے ۔ملزمالکان کا کہنا تھا کہ پینتالیس روپے سے کم ریٹ پر چینی فروخت کرنے سے ملیں دیوالیہ ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروبار چلانا مشکل ہوگیا ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بیس لاکھ افراد کا روزگار متاثر ہوگا۔ شوگرز ملز مالکان کے اجلاس میں ہارون اختر سہگل، چوہدری اعجاز، میاں وحیدکے علاوہ دیگر ملز مالکان شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :