حکومت پنجاب اور شوگر ملز مالکان میں مذاکرات بلانتیجہ ختم ،اجلاس میں ملز مالکان کو ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے چھتیس روپے فی کلو گرام چینی فراہم کرنے میں تعاون کا کہا گیا  ملک ندیم کامران

اتوار 6 ستمبر 2009 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر۔2009ء) چینی کی قیمتیں کم کرنے کے بارے میں پنجاب حکومت اور شوگر ملز مالکان نے درمیان مذاکرات بلا نتیجہ ختم ہوگئے،ملز مالکان نے عدالتی فیصلے کے مطابق چینی فراہم کرنے سے پھر انکار کردیا۔ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں ہونے والے مزاکرات میں پنجاب حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر ذوالفقار علی کھوسہ اور سینئر وزیر راجا ریاض کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے صوبائی چیئرمین جاوید کیانی کی قیادت میں وفد شریک ہوا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک ملک ندیم کامران نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ اجلاس میں ملز مالکان کو ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے چھتیس روپے فی کلو گرام چینی فراہم کرنے میں تعاون کا کہا گیا،جبکہ عدالتی فیصلے سے قبل پینتالیس روپے فی کلو گرام کے ایکس ملز ریٹ پر طے پانیوالے سودوں کے بارے میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو چیف جسٹس عدالت عالیہ سے راہنمائی لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے رکن چوہدری وحید نے بتایا کہ حکومتی ٹیم کو عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے بارے میں بتا دیا ہے اور پینتالیس روپے سے کم ریٹ پر سپلائی دینے سے معذرت کر لی گئی ہے۔