شوگر ملز مالکان مالامال، بینکوں کو دو ماہ میں55 فیصد قرضوں کی ادائیگی

منگل 8 ستمبر 2009 15:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر ۔2009ء)شوگر مل مالکان کو ہونے والے زبردست منافع کے باعث بینکوں کو دو ماہ کے دوران55 فیصد قرضوں کی ادائیگی کردی گئی ہے۔بینکاری ذرائع کے مطابق ملک بھر میں چینی قیمت میں ہوشربا اضافے کے باعث شوگر مل مالکان نے بینکوں کو جولائی اور اگست کے دوران اپنے مجموعی قرضوں کی55فیصد ادا ئیگی کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ شوگر مل مالکان نے اس عرصے کے دوران بینکوں کو22 ارب روپے کی ادائیگی کی ہے۔

بینکاری ذرائع کے مطابق یکم جولائی کو شوگر ملز کے بینکوں پر واجب الادا قرضوں کی مالیت40 ارب روپے تھی جو اب کم ہوکر18 ارب روپے رہ گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ شوگرمل مالکان کی جانب سے بینکوں میں مجموعی طور پر16 لاکھ50 ہزار ٹن چینی کے ذخائر رہن کے طور پر رکھے گئے تھے تاہم اب بینکوں کے پاس9 لاکھ13 ہزار ٹن کے ذخائر رہ گئے ہیں۔