میڈیکل تعلیم اور طبی سہولتوں کو معیاری بنانے کیلئے قانون سازی جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ

جمعہ 3 نومبر 2006 16:05

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03نومبر2006 ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبے میں میڈیکل تعلیم اور طبی سہولتوں کو معیاری، بین الاقوامی خطوط پر استور کرنے اور جدید سہولتوں کو عوام تک بلارکاوٹ پہنچانے کے لئے ضروری قانون سازی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں متعلقہ حکام نے اس بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

گورنر نے اس سلسلے میں وفاقی قوانین و ضابطوں کا جائزہ لیتے ہوئے مطلوبہ ضروریات کے مطابق صوبائی سطح پر قانون سازی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ نجی اسپتالوں اور ہر سطح کے طبی مراکز کو ایک نظام کے تحت قواعد و ضوابط کا پابند بنانے اور عوام کے ساتھ ان کے رابطوں میں بھی بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح میڈیکل شعبے کے نام پر عطائیت اور بعض اسپتالوں کی غیر پروفیشنل سرگرمیوں کو بھی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور عوام کی ایک بنیادی ضرورت بھی، حکومت کی اولین ترجیحات میں یہ نمایاں مقام رکھتا ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں تدریس و تربیت کا معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس بارے میں ایک واضح وژن کے تحت پیش رفت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں میڈیکل تعلیمی اداروں کے قیام، ان میں تدریس و تربیت اور امتحانی نظام اور مستقبل کی ضروریات کو صوبے میں بین الاقوامی معیارات کے مطابق یقینی بنانے کے لئے لائحہ عمل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کی تکمیل کے لئے ضروری قانون سازی بلاتاخیر مکمل ہونی چاہیے۔ اجلاس میں ایڈوکیٹ جنرل سندھ انور منصور خان، پرنسپل سیکریٹری محمد سلیم خان، سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشاد شیخ و دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :